Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت کیخلاف عدم اعتماد کا وقت نہیں آیا،زرداری

اسلام آباد...سابق صدر آصف  زرداری حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کو اکھٹا کرنے کے لئے متحرک ہوگئے ۔ آصف زرداری اور فضل الرحمان کے مابین حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا ۔ پیر کی شب سابق صدر آصف علی زرداری متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے گھر پہنچے اور ان سے ملاقات کی ۔ دونوں رہنماوں نے حکومتی پالیسیوں پر اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ اس وقت ملک میں جمہوری قوتیں کمزور نظر آتی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں حکومت گرانا نہیں بلکہ ملک کو جمہوریت پر چلانا چاہتی ہیں ۔ ملک میں جمہوریت کی بقاءکےلئے اپنا فرض نبھا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن الائنس کےلئے سب سے بہترین وقت مشرف کا تھا ۔موجودہ حکومت سے کوئی بات نہیں کرونگا ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا ا بھی وقت نہیں ۔ جب وقت آئے گا تو بتا دیا جائے گا ۔ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی باتیں اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کے سامنے رکھیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ میں اور فصل الرحمان نے 10سال تک جمہوریت کےلئے مل کر کام کیا ہے ۔ مولانا صاحب میرے دوست بھائی اور خیر خواہ ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیشہ کوشش کی ہے کہ غیر جمہوری قوتوں کو آگے آنے کا موقع نہ ملے ۔ ملک کی بہتری کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومتی اتحاد میں شامل بی این پی اور ایم کیو ایم کے ساتھ بھی بات کی جائے گی ۔ اس موقع پر ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا حکومت کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں ۔ یہ جعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے کےلئے ساری اپوزیشن ملکر ایک موقف اختیار کرے گی ۔ اگلے چند دن میں آل پارٹیز کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی ۔

شیئر: