سعودی پیکیج سے بوجھ کم ہوگیا،عمران خان
اسلام آباد...وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جو مرضی کرے کسی دباو میں آئے بغیر سب کا احتساب ہو گا ۔کسی کو کوئی این آر او نہیں ملے گا۔ حکومت ابھی سابقہ حکومتوں کا دیا بوجھ اتار رہی ہے۔سعودی عرب سے ملنے والے پیکج سے بوجھ کم ہوا ۔مزید 2ممالک سے بات ہو رہی ہے۔ غربت کی کمی کے لئے پیکج کا اعلان جلد کیاجائے گا۔ وقت دور نہیں کہ قرض لینے کی بجائے دیا کرینگے۔ بدھ کو قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کی قسطیں واپس کرنے کا بوجھ ہم پر پڑا تھا ۔مشکل یہ تھی کہ واپس نہ کرتے تو ملک کو نقصان ہوتا ۔عوام کو خوشخبری سناتے ہیں کہ سعودی عرب سے پیکج مل گیا جس سے ہمارا بوجھ اتر گیا۔ انہوں نے کہا کہ جو قرضے ہم سے پہلے حکومتوں نے لئے ہوئے تھے اپنی کوششوں میں کامیاب ہو گئے۔ اگر سیدھا آئی ایم ایف کے پاس جاتے تو عوام کو نقصان ہونا تھا۔ آئی ایم ایف ایسی شرائط لگا دیتی ہے کہ اس سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی عوام مہنگائی کے بو جھ تلے دبے ہیں۔ دوست ملکوں سے قرض لینے کی کوشش کر رہے تھے۔ اب امید ہے کہ سعودی عرب سے قرض ملنے کے بعد آئی ایم ایف کے پاس گئے بھی تو بہت کم قرضہ لیں گے اس کے علاوہ بھی چند دنوں میں عوام کو خوشخبری سناوں گا۔ امید ہے کہ جن 2ممالک سے بات ہو رہی ہے ان سے بھی پیکج ملے گا۔