غیر عرب ممالک میں عربی کے اداروں کی رابطہ کونسل قائم کرنیکا فیصلہ
جمعرات 25 اکتوبر 2018 3:00
ریاض۔۔۔ سعودی عرب نے غیر عرب ممالک میں عربی زبان و ادب کی تعلیم و تحقیق کا کام کرنے والے اداروں کی رابطہ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سعودی حکومت نے اس کی منظوری دیدی۔ رابطہ کونسل عربی زبان کے فروغ کیلئے قائم شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز عالمی مرکز کے سائبان تلے کام کرے گی۔ یہ بات مرکز کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ الوشمی نے بتاتے ہوئے واضح کیا کہ دنیا بھر میں عربی زبان کی خدمت کرنے والے ادارے سعودی عرب کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ زبان سکھانے او رعربی ادب کے فروغ کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں ۔ سعودی عرب اس مشن کی قیادت کرے۔ تمام عرب ادارے مشترکہ جدوجہد کو اپنی پہچان بنائیں۔ رابطہ کونسل دنیا بھر میں موجود عربی کے اداروں کو منظم کر سکتا ہے۔ یہ تجویز غیر عرب ممالک میں عربی زبان کی تنظیموں کے اجلاس کے شرکاء نے ایک سفارش کے طور پر پیش کی۔ سعودی عرب کو اسلامی اور عرب دنیا میں انفرادی حیثیت حاصل ہے اور وہ عرب تشخص اور سعودی ثقافت کے تحفظ کے میدان میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ پروگرام سعودی ویژن 2030سے بھی ہم آہنگ ہے۔ ڈاکٹر الوشمی نے رابطہ کونسل کے قیام کی منظوری پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے ممنونیت او رقدرو منزلت کا اظہار کیا۔