Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے، ولی عہد محمد بن سلمان

ریاض۔۔۔ سعودی  ولی عہد نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے، یہ جنگ بند نہیں ہو گی۔ وہ بدھ کو سرمایہ کاری مستقبل فورم کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 5برس کے دوران سعودی عرب مختلف ہوگا۔ آئندہ 30برس کے دوران مشرق وسطیٰ کی شکل تبدیل ہو جائے گی۔ ہمارا یہ ہدف 100فیصد پورا ہو گا۔ اجلاس میں بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ، لبنان کے نامزد وزیر اعظم سعد الحریری بھی موجود تھے۔ ولی عہد نے کہا کہ 3برس قبل سعودی انوسٹمنٹ  فنڈ 150ارب ڈالر کا تھا سال رواں کے اختتام تک 400ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ کویت کے پاس عظیم الشان قدرتی وسائل ہیں وہ بھی بڑے کارنامے انجام دے سکتا ہے۔ گزشتہ برس مصر میں شرح نمو 5فیصد تھی اب 5فیصد سے زیادہ ہے۔ وہاں بھی بیروزگاری کی شرح کم ہوئی ہے۔ مکانات او ربنیادی ڈھانچوں کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ مصر کا دورہ کروں گا۔ لبنان میں ہمارے بھائی سعد الحریری کی زیر قیادت کامیابی کا ہدف حاصل کر لیں گے۔ اردنی بھائیوں کے تعمیراتی و ترقیاتی مشن میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ بحرین ،کویت ،قطر ، امارات ، اردن، لبنان ، مصر اور عراق کے حالات تبدیل ہوں گے۔ سعودی ولی عہد نے کانفرنس ہال میں یہ کہہ کر قہقہوں کی گونج پیدا کر دی کہ لبنانی وزیراعظم سعد الحریری آئندہ 2روز تک سعودی عرب میں رہیں گے کاش کہ انہیں اغوا کرنے کی افواہیں نہ اڑا دی جائیں۔ یہ سننے پر پورا ایوان زوردارتالیوں سے گونج اٹھا اور کشت زعفران بن گیا۔ الحریری نے فوراً ہی یہ کہہ کر اپنی پوزیشن واضح کر لی کہ انہیں یہاں مکمل آزادی حاصل ہے۔ 
 

شیئر: