ایشین چیمپیئنز ٹرافی : پاکستان ملائیشیا سے سیمی فائنل کھیلے گا
مسقط:ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے آخری لیگ میچ میں ملائیشیا کو0-1 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی جبکہ آج سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ایک مرتبہ پھر ملائیشیا سے ہوگا جبکہ ہندوستانی ٹیم جاپان کے خلاف میدان میں اترے گی۔مسقط میں کھیلے گئے اپنے آخری لیگ میچ میں پاکستانی ٹیم ابتدائی تینوں کوارٹرز میں کھاتہ نہیں کھول سکی جبکہ ملائیشین ٹیم کو بھی گول کرنے کا کوئی موقع نہیں مل سکا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیزمقابلہ دیکھنے میں آیا ۔میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی لیکن میچ کے پہلے، دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔بالآخر آخری کوارٹر میں پاکستان نے ملائیشیا کے خلاف شاندار گول کرکے برتری حاصل کی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور یہی میچ کا فیصلہ کن گول بھی ثابت ہوا۔ محمد عرفان جونیئر نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول 53 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ پاکستان نے ایونٹ میں اب تک5 میچز کھیلے جن میں سے 3 جیتے، ہندکے خلاف اسے شکست ہوئی اور جبکہ جاپان کے ساتھ میچ برابر رہا اور 10پوائنٹس حاصل کئے ۔ جاپان نے اپنے آخری لیگ میچ میں میزبان عمان کو0-5سے شکست دے کر چوتھی پوزیشن حاصل کی اور سیمی فائنل میں بھی پہنچ گیا۔ چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنلز کے ساتھ پانچویں اور چھٹی پوزیشن کیلئے بھی میچ ہوگا ۔ جنوبی کوریا اور عمان آخری پوزیشنوں کیلئے کھیلیں گے ۔ لیگ میچ میں جنوبی کوریا نے عمان کو2-4سے ہرایا تھا۔پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور ملائیشیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ہند اور جاپان فائنل تک رسائی کی کوشش کریں گے۔ ہند نے لیگ میچ میں جاپان کو 0-9 کی یکطرفہ شکست سے دی تھی اور ممکنہ طور پر اس کی فائنل تک رسائی آسان نظر آتی ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں