موجودہ کرکٹ کھیل سے زیادہ تفریح ہے، سنیل گواسکر
اتوار 28 اکتوبر 2018 3:00
ممبئی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنے دور کے مایہ ناز بیٹسمین سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ کرکٹ موجودہ نسل کے لئے صرف کھیل ہی نہیں تفریح بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی موجودہ کھیپ ٹیلی ویژن کی آمد کے ساتھ پروان چڑھی اس لئے وہ کرکٹ کو صرف گیم نہیں بلکہ انٹرٹینمنٹ بھی سمجھتی ہے اور تفریح بھی صرف بیٹنگ اور بولنگ کے لحاظ سے نہیں بلکہ اپنے اور کھلاڑیوں کے’ ’ ایکشن ‘ ‘کے لحاظ سے بھی۔ کھلاڑی بھی اکثر اپنے کھیل کے بجائے نت نئے ایکشنز بنانے اور دکھانے پر توجہ دیتے ہیں، خاص تور پر ٹی ٹوئنٹی یا محدود اوور ز کے میچ میں ہم دیکھتے ہیں کہ اگر آسان کیچ بھی ہو گا تو کھلاڑی بلاو جہ ایکشن بناتا ہوا اس کو پکڑنے کی کوشش کرے گا۔اسی طرح اگر رن آوٹ کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی تو بلاوجہ گیند وکٹوں یا کیپر کی طرف پھینکی جائے گی جس سے صرف توانائی ضائع ہوتی ہے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ کبھی کبھی ایکشنز کا یہ دکھاوا میچ میں ہارنے کی وجہ بھی بن جاتا ہے۔ سابق ہندوستانی کپتان سنیل گواسکر نے کہا کہ مجھے اس صورتحال سے کوئی مسئلہ نہیں صرف حیرت ہوتی ہے کہ ہمارے دور کے مقابلے میں اب یہ کھیل کیا سے کیا ہوگیا ہے۔ واضح رہے گواسکر نے 1971سے 1987کے دوران اپنے 125ٹیسٹ میچز کے کیریئر میں 10122 رنز اسکور کئے تھے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں