سینیٹر اعظم سواتی کا یوٹرن
اسلام آباد... وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی اعظم سواتی نے کہا ہے کہ خانہ بدوشوں نے میرے گھر پر حملہ کر کے 3 ملازمین کو شدید زخمی کیا۔ 22 گھنٹے میں پولیس کو 38 کالیں کیں جواب نہ ملنے پر چیئرمین سینیٹ ، قائد ایوان شبلی فراز، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی کو آئی جی کے غیر ذمہ دارانہ رو ئیے کی تحریری شکایت کی ۔مجھے نہیں معلوم آئی جی کو میری شکایت پر یا کسی اور وجہ سے ہٹایا گیا۔ میں تو شکایت کر کے گو ادر میں ہونے والی ایشیائی پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے لئے چلا گیا تھا ۔ٹی وی انٹرویو میں اعظم سواتی نے موقف اختیار کیا کہ آئی جی اسلام آباد کا اچانک تبادلہ میری وجہ سے نہیں کیا گیا ۔ ان کے غیر ذمہ دارانہ رو ئیے کی شکایات موصول ہورہی تھیں ۔ حکومت پہلے ہی ا نہیں تبدیل کرنے کے بارے میں سوچ رہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ میری رہائش کے قر یب آباد خانہ بدوشوں نے مجھے بم سے اڑانے کی دھمکی دی اور حملہ کر کے میرے 3 ملازمین کو شدید زخمی کیا ۔ ایک سوال پر انہو ں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی نگران حکومت نے کی تھی ۔نئی حکومت ا نہیں ہٹانے کا ارادہ رکھتی تھی ۔ اس لئے ان کی برطرفی کو میری شکایت سے جوڑنا درست نہیں ۔ واضح رہے کہ اطلاعات تھیں کہ آئی جی اسلام آباد کا سینیٹر اعظم ہوتی کی شکایت پر تبادلہ کیا گیا ۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے از خود نوٹس لے کر آئی جی تبادلہ رکوا دیا ۔