بابر اعظم نے آسٹریلوی کپتان سے رینکنگ چھین لی
دبئی:انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور آسٹریلیا کی سیریز اور انگلینڈ اور سری لنکن کے درمیان سیریز کے واحد میچ کے بعد نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کردی۔ پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم نے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خا ن بولر میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔پاکستانی ٹیم نے بھی اپنی نمبر ون رینکنگ مستحکم کرلی ہے اور اب اس کے ریٹنگ پوائنٹس 136ہو گئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر موجود ہندوستانی ٹیم 12پوائنٹس پیچھے ہے۔ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلیا کو کلین سویپ کرنے سے ٹیم اور کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بیٹسمین بابر اعظم4درجے ترقی کرتے ہوئے پانچویں سے پہلے نمبر آگئے اور انہوں نے آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ سے ان کی نمبر ون پوزیشن چھینی ہے۔پاکستانی اوپنر فخر زمان سیریز میں بیٹنگ میں ناکامی کے بعد3درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔اسی طرح بولرز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر افغانستان کے راشد خان کا بدستور قبضہ ہے اور پاکستان کے لیگ اسپنر شاداب خان دوسرے نمبر پر جبکہ اسپن آل راونڈر عماد وسیم14درجے ترقی کے بعد ٹاپ 10 میں شامل ہو کر دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بولنگ کی ابتدائی 5پوزیشنیں لیگ اسپنرز کے پاس ہیں۔ راشد خان اور شاداب خان کے بعد نیوزی لینڈ کے اش سوڈھی، ہند کے یزویندر چاہل اور انگلینڈ کے عادل راشد تیسری تا پانچویں پوزیشن پر قابض ہیں۔آسٹریلیا کے فاسٹ بولر بلی اسٹینلیک بھی ابتدائی10بولرز میں شامل ہو کر نویں نمبر پر موجود ہیں اور وہ ابتدائی10بولرز میں واحد فاسٹ بولر ہیں جبکہ بقیہ 9اسپنر ہیں۔آل راونڈرز میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل پہلے، افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن تیسرے نمبر پر ہیں۔سری لنکا کے خلاف میچ میں اچھی کارکردگی نے انگلینڈ کے جیسن روئے کو ابتدائی10بیٹسمینوں میں شامل کردیا ہے جبکہ لیگ اسپنر عادل راشد ٹاپ فائیو کا حصہ بن گئے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں