تارکین لیبر کورٹس جانے سے پہلے مکتب العمل سے رجوع کریں، کابینہ
ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے آج منگل کو کابینہ اجلاس کی صدارت کی ۔ کابینہ متعدد اہم فیصلے کئے ۔ کابینہ نے لیبر کورٹس کے حوالے سے دو باتوں کی منظوری دی ۔ پہلی یہ کہ کوئی بھی شخص مکتب العمل سے رجوع کئے بغیر لیبر کورٹس کے دروازے نہیں کھٹکھٹا سکتا ۔ مکتب العمل کے عہدیداروں ، فریقین کا تنازع مصالحت کے ذریعے طے کرانے کا اہتمام کریں گے ۔
وزیرمحنت و سماجی بہبود اس حوالے سے وزیر انصاف کے ساتھ تال میل پیدا کر کے قواعد و ضوابط جاری کرینگے ۔ دوسری بات یہ کہی گئی کہ لیبر کورٹس کے قیام پر 3برس مکمل ہونے پر مذکورہ پابندی موثرنہیں ہو گی ۔ سعودی کابینہ نے موبائل سروس کا دائرہ شراکتی کمپنیوں تک محدود کر دیا۔غیر شراکتی کمپنی موبائل سروس فراہم کرنے کی مجاز نہیں ہو گی ۔ یہ فیصلہ منگل کو ریاض کے قصرِ یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔ وزیراطلاعات و نشریات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے اجلاس کے بعد سعودی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کابینہ نے طے کیا ہے کہ موبائل سروس فراہم کرنے کیلئے کمپنی کو کابینہ کی منظوری حاصل کرنا پڑے گی۔ شراکتی کمپنی کے حصص سعودی مارکیٹ میں عوام کیلئے پیش کئے جائیں گے ۔