Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش ، 4دن تک مملکت بھر میں بارش اور ژالہ باری کاامکان

مدینہ منورہ۔۔۔مدینہ منورہ شہر، کمشنریوں اور تحصیلوں میں بدھ کو موسلا دھار بارش ہوئی۔ پورا علاقہ جل تھل ہو گیا۔ السلام، العنبریہ ، العزیزیہ ، الدعیثہ ، ملک فہد ، الھجرہ، قباء ، الحرہ الشرقیہ اور الحرہ الغربیہ میں زوردار بارش ہوئی۔ مدینہ منورہ کے مضافات میں موسلا دھار بارش نے سیلاب کی شکل اختیار کر لی۔ وادیاں برساتی نالوں میں تبدیل ہو گئیں۔ جدہ میں مختلف مقامات پر بدھ کو بارش کا سلسلہ وقفے سے جاری رہا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات و تحفظ ماحولیات نے اعلانیہ جاری کر کے خبردار کیا ہے کہ آج جمعرات سے اتوار تک سعودی عرب کے تقریباً تمام علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار اور ژالہ باری کا قومی امکان ہے۔ بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ تفصیلات کے مطابق قصیم، ریاض، حائل، عسیر ، جازان میں جمعرات سے اتوار تک موسم غیر مستحکم رہے گا۔ گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ ، تبوک اور باحہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ، گرد آلو ہواؤں اور ژالہ باری ہوگی۔مکہ شہر، طائف، میسان، الکامل ، رنیہ ، تربہ، خلیص ، اضم، المویہ میں کہیں موسلا دھار اور کہیں درمیانے درجے کی بارش یکم نومبر سے 3نومبر تک ہوگی۔ انہی تاریخوں میںجدہ ، رابغ، الیث اور القنفذہ میں درمیانے درجے کی بارش کے آثار ہیں۔ مدینہ منورہ میں موسلا دھار تبوک میں کہیں درمیانے درجے اور کہیں موسلا دھار جبکہ باحہ ،بلجرشی،المندق،المخوہ اور قلوہ میں کہیں درمیانے اور کہیں موسلا دھار بارش برسے گی۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ سکاکا ، دومہ الجندل میں جمعہ سے ہفتہ کو درمیانے درجے اور موسلا دھار بارش برسنے کا امکان ہے جبکہ عرعر ، رفحاء میں مذکورہ دونوں دنوں میں اسی طرح کی بارش ہو سکتی ہے۔ علاوہ ازیں جمعہ اور ہفتہ کو القیصومہ ، حفر الباطن ، الخفجی اور النعیرہ میں بھی اسی طرح کی بارش کا امکان ہے۔ تمام علاقوں خصوصاً باحہ میں سعودی ہلال احمر نے خوفناک بارش سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لیں۔ محکمہ موسمیات نے اپیل کی ہے کہ سب لوگ موسم کا حال جاننے کیلئے ہماری ویب سائٹ مسلسل دیکھتے رہیں۔ محکمہ شہری دفاع ایس ایم ایس کے ذریعے سعودیو ں اور مقیم غیر ملکیوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے خبردار کر رہا ہے۔ 

شیئر: