سی پیک پر کام کی رفتار تیز کرینگے،چینی صدر
بیجنگ...چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ پاک، چین تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیںبین الاقوامی یا مقامی قیادت کی تبدیلی سے ان پر کوئی اثر نہیں پڑتا چین پاکستان کےساتھ اپنی تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور سی پیک کی تعمیر پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کیلئے تیار ہے ۔تزویراتی رابطوں ، دونوں ممالک کے وفود کے مسلسل تبادلوں اور ایک دوسرے کی حکومتوں کے تجربات سے استفادہ کی ضرورت ہے ۔وہ بیجنگ میں عظیم عوامی ہال میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے ۔انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور بالخصوص دوستی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں ۔ بین الاقوامی یا مقامی قیادت کی تبدیلی سے ان پر کوئی اثر نہیں پڑتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کیلئے فائدہ مند ہے بلکہ اس سے خطے میں امن ، استحکام اور ترقی کے فروغ میں بھی مدد ملتی ہے ۔ چین کے صدر نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنے سفارتی تعلقات میں اہمیت دیتا ہے اور وہ پاکستان کے تحفظ ، قومی خود مختاری ، آزادی اور علاقائی تشخص کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی نئی حکومت کی طرف سے گورننس کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔