Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار، پرائس انڈیکس میں 43.82پوائنٹس کا اضافہ

غیاث الدین ۔جدہ
  جدہ۔۔۔پچھلے ہفتے بھی سعودی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار رہی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 157پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 43.82پوائنٹس کے اضافے کے بعد7879.37پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ حجم اور کاروباری مالیت میں بالترتیب 22فیصد اور 37فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ حجم اور کاروباری مالیت میں کمی کے باوجود قیمتیں مستحکم ہوتی ہوئی دیکھی گئیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی اسٹاک مارکیٹ میں شامل کمپنیوں کی قیمتیں ابھی بھی پرکشش ہیں۔ منافع کے لحاظ سے سعودی فشریز ٹاپ پر رہی جس کی قیمت 35.92فیصد کے گرانقدر اضافے کے بعد 19.98ریال پر پہنچ گئی جبکہ ناما کیمیکلز کی قیمت21.34فیصد فروغ کے بعد 30.70ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ انعم ہولڈنگ کی قیمت 16.48فیصد اضافے کے بعد 10.60ریال پر بند ہوئی۔ دوسری طرف سعودی انڈسٹریل ایکسپورٹ کمپنی کو دو ہفتوں کے زبردست اضافے کے بعد تنزلی کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی قدر 7.94فیصد کمی کے بعد 116ریال پر بند ہوئی جبکہ سعودی سرامک کی قیمت 4.06فیصد کمی کے بعد 19.84ریال پر اختتام پذیرہوئی۔ سرمایہ کاری کے لحاظ سے النماء بینک ٹاپ پر رہی جس میں 2.4ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی اور اس کی قیمت 1.78اضافے کے بعد 21.70ریال پر پہنچ گئی جبکہ سابک میں 1.9ارب ریال کی خرید وفروخت ہوتی اور اس کی قدر 2.31فیصد کمی کے بعد 126.60ریال تک گر گئی۔ گزشتہ ہفتے مڈل ایسٹ پیپرز کمپنی نے 5فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا اور اس کی قیمت 11.39فیصد اضافے کے بعد 22.50ریال پر بند ہوئی۔ سعودی انڈسٹریل انوسٹمنٹ گروپ نے 7.5فیصد کیش ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا اور اس کی قدر 8.04فیصد اضافے کے بعد 26.60ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ 

شیئر: