ریاض۔۔۔ سعودی بجلی کمپنی نے صارفین کو کہا ہے کہ وہ اپنا بل اپنے نام سے جاری کرا سکتے ہیں۔ سعودی عرب کے بیشتر شہروں او رقصبوں کے مکانات میں رہنے والے مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی کسی نہ کسی کے مکان میں کرایہ پر ہوتے ہیں۔ اب تک بجلی بل مالک مکان ہی کے نام سے جاری ہو رہے ہیں۔ کمپنی نے کرایہ داروں کو بجلی بل اپنے نام سے جاری کرانے کی سہولت دیدی ہے۔ کمپنی نے صارفین کو ایک اور ترغیب دی ہے کہ وہ قانون کے دائرے میں رہ کر بجلی بل 50فیصد تک کم کرا سکتے ہیں۔ ایسا کرنے کیلئے میٹر کی رفتار 50فیصد تک گھٹانی ہو گی۔ نئی سہولت 3مراحل میں روبہ عمل لائی جائیگی۔ سہولت کو "حسابی"کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا آغاز 4نومبر سے کر دیا گیا۔ ماہ رواں کے آخیر تک جاری رہے گا۔ دوسرا مرحلہ یکم دسمبر سے شروع ہو کر سال رواں کے اختتام تک چلے گا جبکہ تیسرا او رآخری مرحلہ یکم جنوری 2019سے نافذ ہوگا اس کے تحت صارفین کی جانب سے کوائف کا اندراج نہ کرانے پر کنکشن کاٹ دیا جائے گا۔