ورلڈ کپ تک سرفرازکی کپتانی کے فیصلے پر احسان مانی کا یو ٹرن
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کی کپتانی کے حوالے سے یو ٹرن لیتے ہوئے غیر یقینی صورتحال پیدا کردی لگتا ہے کہ بورڈ سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کے بارے میں ابھی تک سوچ وبچار میں مصروف ہے ۔ چیئرمین احسان مانی نے گزشتہ دنوں دیئے گئے بیان سے انحراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی سرفراز احمد کو ورلڈ کپ کیلئے کپتان بنانے کا فیصلہ نہیں ہوا حالانکہ چند دن پہلے انہوں نے کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان کے بیان پر ردعمل میں کہا تھا کہ بورڈ کو سرفراز پر اعتماد ہے اور وہی تینوں فارمیٹس میں کپتان رہیں گے۔ کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ احسان مانی نے یو ٹرن لیا ہے اور اس سے پہلے انہوں نے سرفراز کی قیادت کے حوالے غیر مشروط بات کی تھی۔ محسوس ہوتا ہے کہ مانی کو کرکٹ بورڈ کے معاملات پر مکمل کنٹرول نہیں اور سرفراز کی کپتانی کا معاملہ بھی کچھ ایساہی ہے ۔ ورلڈ کپ سر پر ہے اور اس قسم کی باتیں غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہی ہیں۔ایشیا کپ میں بدترین کھیل کے بعد اب پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف3 ون ڈے میچوں کی سیریز سمیت آنے والے دنوں میں مجموعی طور پر18ون ڈے کھیلنا ہیں اور قیادت کے مسئلے کو چھیڑ کر ٹیم میں گروپ بندی کو ہوا دی جا رہی ہے ۔ادھر کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میرا کام صرف کرکٹ کھیلنا ہے اور کپتانی کا معاملہ کرکٹ بورڈ کی صوابدید ہے ۔ سرفراز نے کہا کہ جب تک فٹ اور فارم میں ہوں کھیلتا رہوں گا ، کرکٹ بورڈ کے ہر فیصلے کو قبول کرنے کیلئے تیار ہوں۔ کیریئر میں اتار چڑھاو کھیل کا حصہ ہے، مشکل وقت میں خود کو مضبوط رکھنا پڑتا ہے ۔ کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ میں مشکل صورتحال سے دوچار رہے لیکن ہمت نہیں ہاری ۔ کھلاڑیوں نے بھی ساتھ دیا اور ٹیم کی ضرورت کو سمجھتے ہوئے خود کو چیلنجز کیلئے تیار کیا ۔ ہمارے ہاں ہیرو کو زیرو بنتے دیر نہیں لگتی ۔تسلسل سے کامیابی سب لڑکوں کی سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ کھلاڑی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں، مسلسل 11سیریز جیتنے کا ریکارڈ قائم کرنے میں سینئرز، جونیئرز، کوچنگ اسٹاف اور سلیکٹرز سب کی کوشش شامل ہے۔ ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ ابھی تو کیویز کیخلاف ون ڈے سیریز پر توجہ مرکوز ہے، ٹیسٹ میچز کے بعد جنوبی افریقہ کے مقابل ہونا ہے اس لئے چاہتے ہیں کہ دورہ جنوبی افریقہ سے زیادہ سے زیادہ اعتماد حاصل کرلیں ۔انگلینڈ میں ورلڈکپ کے پیش نظر محمد عباس کو ون ڈے کرکٹ میں آزمانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کسی سیریز میںان کی آزمائش کریں۔
کھیلوں کی مزید خبریںاور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں