Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن خان کو کام پر توجہ کی ہدایت

لاہور:کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان کے متنازعہ بیان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے متبادل کیلئے صلاح مشورے شروع کردیئے ہیں۔بورڈذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان سے ناخوش ہیں جن کے بیانات پی سی بی کیلئے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن خان کو متنازعہ بیانات پرنوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ بیان بازی سے بھی روک دیاہے، انہیں صرف کرکٹ امور پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بورڈ نے مستقبل میں کسی ناخوشگوار صورت حال کا سامنا کرنے کیلئے ابھی سے متبادل کیلئے بھی مشاورت اور نئے امیدوار کی تلاش شروع کردی ہے۔پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی سابق کرکٹر کی طرف سے دئیے گئے بیانات سے سخت ناخوش ہیں۔ بورڈ سربراہ نے ان بیانات کا نوٹس لیاہے۔ محسن خان کو ہدایت کی گئی ہے کہ صرف کرکٹ کمیٹی کے حوالے سے اپنے کام پر دھیان دیں،کیونکہ ان کے بیانات سے پی سی بی کیلئے مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔ محسن خان کا مزید کوئی بیان ان کی کرکٹ کمیٹی سے چھٹی کا سبب بن سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے متبادل اور موزوں شخص کی تلاش بھی شروع کردی ہے تاکہ مزید کسی بدمزگی کی صورت میں فوری طورپر ایکشن لیا جاسکے۔محسن خان نے کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بننے سے پہلے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کئے تھے، جس کی شکایت مکی آرتھر نے بورڈ چیئرمین سے کرتے ہوئے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا پھر جسٹس قیوم کی میچ فکسنگ رپورٹ اور وسیم اکرم کے حوالے سے محسن خان کے موقف کو بھی زیادہ پسند نہیں کیا گیا۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے حوالے سے انہوں نے جو بیان دیا اس سے بھی مسائل بڑھے، ڈریسنگ روم کے ماحول پر منفی اثر پڑا جبکہ سرفراز احمد نے بھی اس کا برا منایا جبکہ بورڈ کو بھی تنقید کا سامنا کرناپڑا۔ 
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: