Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گال ٹیسٹ:انگلینڈ کے342رنز، سری لنکا203پر آوٹ

 
گال:انگلینڈ نے اپنے اسپنرز معین علی، عادل راشد اور جیک لیچ کی عمدہ بولنگ کی بدولت میزبان سری لنکا کو 203رنز پر آوٹ کرنے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 38رنز بنا کرمجموعی طور پر177رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ اس سے پہلے کھیل کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کرتے ہوئے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین بین فوکس کی سنچری کی مدد سے انگلش ٹیم 342رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔ بین فوکس آوٹ ہونے والے آخری بیٹسمین تھے جنہوں نے107رنز بنائے جبکہ جیک لیچ15رنز بنا سکے ، جیمز اینڈرسن بغیر کھاتہ کھولے ناٹ آوٹ لوٹے۔ انگلش ٹیم اپنے پہلے دن کے اسکور میں 321رنز میںمزید21رنز کا اضافہ ہی کرسکی اور اس کی دونوں وکٹیں گر گئیں۔انگلش اننگز کی خاص بات بین فوکس کی سنچری تھی جو ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے کے اپنے پہلے ٹیسٹ کو سنچری کے ساتھ یادگار بنانے میں بھی کامیاب رہے ۔ انہوں نے 202گیندیں کھیلیں اور10چوکے لگائے۔سری لنکا کی جانب سے دلرووان پریرا سب سے کامیاب بولر رہے اورانہوں نے5وکٹیں لیں ، 3کھلاڑیوں کو سورنگا لکمل نے اور ایک، ایک کو رنگانا ہیرتھ اور دنیش چندی مل نے آوٹ کیا۔میزبان سری لنکا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو انگلش کپتان نے اپنے فاسٹ بولرز سے بولنگ کا آغاز کرانے کے بعداوپنرز کی رخصتی کے ساتھ ہی اسپنرز کا بڑی عمدگی سے استعمال کرتے ہوئے سری لنکن بیٹسمینوں کو کسی مرحلے پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ دونوں اوپنرز دیموتھ کرونا رتنے اور کوشل سلوا10کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہو چکے تھے ۔ اس کے بعد معین علی ، عادل راشد اور جیک لیچ نے بقیہ بیٹنگ لائن کا صفایا کیا ۔ سابق کپتان اینجلو میتھیوز، کپتان دنیش چندی مل اور وکٹ کیپر نیروشان ڈویلا نے انگلش کپتان اور بولرز کو کچھ پریشان کیا لیکن معین علی نے میتھوز اور دنیش چندی مل کی خطرہ بنتی نظر آنے والی شراکت کو توڑ کر صورتحال بہتر بنائی۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کیلئے55رنز کا اصافہ کیا ۔میتھیوز52،چندی مل33اور ڈکویلا28رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ، دلرووان پریرا نے21رنز کا حصہ ڈالا ۔آخری ٹیسٹ کھیلنے والے رنگانا ہیرتھ نے14رنز پر ناٹ آوٹ رہے اور سری لنکن ٹیم203رنز بنا کر 139کے خسارے سے دوچار ہو گئی ۔معین علی نے66رنز دے کر 4، عادل راشدنے30اور جیک لیچ نے41رنز دے کر 2،2وکٹیں لیں۔برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغازکرنے کے بعد انگلش اوپنرز کھیل کے اختتام تک 38رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور روری برنز11 جبکہ کیٹن جیننگز26رنز پر کھیل رہے ہیں۔ سری لنکن کپتان دنیش چندی مل نے4بولرز استعمال کئے لیکن وہ اس شراکت کو توڑنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ انگلش ٹیم کی مجموعی 177رنز ہو چکی ہے اور سری لنکن ٹیم کی مشکلات میں ہر نئے رنز کے ساتھ مسلسل اضافہ ہوتا رہے گا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: