یمنی تنازع حل کرانے میں مدد کرینگے،عمران خان
اسلام آباد... پاکستان میں یمنی سفیر نے بدھ کو اسلام آباد میں صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔پاکستان نے یمن تنازعہ کے سیاسی حل کے لئے تمام دھڑوں کو مذاکراتی میز پر لانے میں پاکستان کی طرف سے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تنازعہ کے تمام فریقین کو بحران کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اوآئی سی کی قراردادوں کی مکمل پاسداری کرنی چاہئے۔پایمن کے سفیر سے ملاقات کے دوران صدرمملکت نے یمن کی قیادت کیلئے نیک خواہشات اورخیرسگالی کا پیغام دیتے ہوئے بحران کے سیاسی حل کیلئے امن عمل کی جلد بحالی کی امیدظاہرکی۔یمنی سفیر نے پاکستان کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے صدرمملکت کو یمن کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ صدر نے یمن کے اتحاد، خودمختاری، سیاسی آزادی اورعلاقائی سالمیت اور صدر عبدالرب منصورہادی کی جائز اورقانونی حکومت کی بحالی کے ضمن میں پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے تنازعہ کے تمام فریقین پر بحران کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اوراوآئی سی کی قراردادوں کی مکمل پاسداری کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔دریں اثناءوزیر اعظم عمران خان نے یمنی سفیر کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ اگر فریقین رضامندی کا اظہا رکریں تو پاکستان یمن کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا کہ یمن کے سفیر نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔یمنی قیادت کی جانب سے انہیں وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عمران خان نے کہا کہ یمن میں بدامنی کا خاتمہ خطے اور بین الاقوامی امن کے لئے ضروری ہے۔ پاکستان کی طرف سے تنازع کے حل کے لئے غیر متزلزل مدد فراہم کی جائے گی ۔ یمن کے لوگوں کی مشکلات ختم کرنے کے لئے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان یمنی صدر ہادی کی قانونی حکومت کی بحالی کے لئے تعاون جاری رکھے گا۔ تمام فریقین کے مابین تنازع کے سیاسی حل کےلئے کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یمن میں تنازع کا حل فوج کے ذریعے نہیں ہو سکتا۔ تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے تاہم پاکستان انسانی ہمدردی کے تحت ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہے۔