عامر خان نے دولت کیسے کمائی؟،فاروق ستار
حیدرآباد...ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنمااور تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان پر آج چند وڈیروں ، قبضہ گیروں اور مفاد پرست عناصر کا قبضہ ہے۔پارٹی کو بچانے کے لئے نکلے ہیں خاموش نہیں رہ سکتے۔پارٹی کے اندر کے مخالفین کا بھی مقابلہ کریں گے۔ عامر خان اور کنور نوید جمیل خود کو احتساب کیلئے کارکنان کے سامنے پیش کریں اور بتائیں کہ انہوں نے یہ دولت کیسے کمائی ہے۔ 1986ءتک یہ دونوں کہاں کس حالت میں رہتے تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ اب خاموش نہیں رہ سکتے جس طرح اپنے سیاسی مخالفین کا مقابلہ کرتے ہیں۔ اب اسی طرح پارٹی کے اندر کے مخالفین کا بھی مقابلہ کریںگے۔ کارکنوں کو بتائیں گے کہ 22 اگست کے بعد میدان میں کون آیا تھا۔انہوںنے کہا کہ میرے پاس ایم کیو ایم کے بانی جیسا کنٹرول اور ڈنڈا تو نہیں مگر میں ان مفاد پرستو ں کا ہر صورت میں مقابلہ کروں گا اور ان افراد کے خلاف تحریک چلاوں گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیر اعظم عمران خان کرپشن کے خلاف جہاد کررہے ہیں ۔ایم کیو ایم پاکستان کو بچانے کیلئے جہاد کررہے ہیں ۔کارکنوں کو ان مفاد پرستو ں کی اصلیت سے آگاہ کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ کراچی کے مئیر نے بھی ان قبضہ گیروں سے سمجھوتہ کرلیا ۔ کراچی وحیدرآباد کے عوام کی خدمت کرنے کے بجائے یہ دونوں مئیر بھی دولت بنانے میں مصروف ہیں اب لگتاہے کہ کراچی کا مئیر بھی ایم کیو ایم پاکستان کا نہیں آسکے گا۔