ترکی کے فوجی اڈے پر دھماکہ،25اہلکارزخمی
استنبول...ترکی کے جنوب مشرقی صوبے ہکارے میں فوج کے ایک اڈے پر ناقص گولہ بارود کے ذخیرے میں ہونے والے حادثاتی دھماکے میں 25 ترک فوجی زخمی اور 7 لا پتہ ہو گئے۔ترک وزارت دفاع کے مطابق یہ دھما کہ فوجی اڈے میں آرٹلری شوٹنگ کے دوران ہوا۔ فوجی اڈا عراق اور ایران کے ساتھ ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع ہے۔وزارت دفاع کے بیان میں بتایا گیا کہ 25 فوجیوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم ان کے زخمیوں کی نوعیت کے بارے میں تفصیل نہیں بتائی گئی۔حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔یہ دھماکہ جس فوجی اڈے میں ہوا وہ ایک دور دراز پہاڑی علاقے میں واقع ہے جہاں پہنچنا ایک دشوار امر ہے۔ علاقے میں باقاعدگی کے ساتھ ترکی کی مسلح افواج اور کردستان ورکرز پارٹی کے عناصر کے درمیان چھوٹی موٹی جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ترکی کے جنوب مشرقی حصے میں کرد اکثریتی علاقے میں ترک فوج اور کردستان ورکرز پارٹی کے درمیان شدید معرکہ آرائی دیکھی جاتی رہی ہے۔