Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ اسکواڈکا اعلان کردیا

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے انضمام الحق کی سربراہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی 2میچوں کیلئے15رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے پہلی مرتبہ نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور بیٹسمین سعد علی کو بھی شامل کر لیا ہے جو پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر سکیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 16 نومبر سے ہوگا۔انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے صلاح مشورے کے بعد اسکواڈ کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ چیف سلیکٹر کے مطابق اسکواڈ کا انتخاب امارات کے موسم اور ماحول کے علاوہ وکٹوں کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ابوظبی اور دبئی میں ہونے والے ابتدائی2 ٹیسٹ میچوں کیلئے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں فخرزمان اور شاداب خان جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں اور ان دونوں کو سلیکشن کمیٹی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ٹریننگ کی ہدایت کی ہے۔اسی طرح فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں جبکہ شاہین آفریدی کو ٹی 20 اور ایک روزہ سیریز میں شاندار بولنگ کی بنا پر وہاب ریاض کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ ایک اور نوجوان بولر میر حمزہ بھی اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔سعد علی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان اے کے ساتھ امارات حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیاہے وہ بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔ وہاب ریاض خراب فارم کی وجہ سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز بھی نہیں کھیل سکے ہیں۔ سیریز 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ میں کپتان سرفرازاحمد،محمد حفیظ ،امام الحق،اظہرعلی ،حارث سہیل ، اسدشفیق، بابراعظم، یاسرشاہ، بلال آصف ،محمدعباس،حسن علی،فہیم اشرف ، میرحمزہ ، شاہین آفریدی اور سعد علی شامل ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: