دوسرا ٹیسٹ: بنگلہ دیش نے زمبابوے کو فالو آن کر دیا
ڈھاکا: دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن بنگلہ دیشی بولر زنے مہمان ٹیم زمبابوے کو 304رنز پر آوٹ کرکے فالو آن سے دوچار کردیا تاہم کھیل کا وقت ختم ہوجانے کی وجہ سے فیصلہ آج ہو گا کہ بنگلہ دیشی کپتان زمبابوے کو دوسری اننگز کی دعوت دیتے ہیں یا خود دوسری اننگز شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز 522رنز 7کھلاڑی آوٹ پر ڈیکلیئر کرکے زمبابوے کو کھیلنے کا موقع دیا تھا لیکن مہمان ٹیم حسب توقع بنگلہ دیشی ٹیم کو بھرپور جواب دینے میں ناکام رہی ۔بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے 5وکٹیں حاصل کرکے زمبابوے کی بیٹنگ کیلئے مسائل پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ۔ یہ ان کی مسلسل تیسری اننگز ہے جس میں وہ 5وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ۔ کھیل کے تیسرے دن زمبابوے نے اپنی پہلی اننگز25/1رنز پر دوبارہ شروع کی تو 40کے مجموعی اسکور پر اسے دوسرے نقصان سے دوچار ہونا پڑا جبکہ 131پر اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اس مرحلے پر برینڈن ٹیلر اور پیٹر مور کے درمیان 139رنز کی اہم شراکت ہوئی تاہم پیٹر مور سنچری سے صرف17رنز کے فاصلے پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہیں جزوقتی بولر عارف نے آوٹ کیا جنہیں کپتان محمود اللہ اس شراکت کو توڑنے کیلئے سامنے لائے تھے اور وہ اس مقصد میں کامیاب رہے۔ برینڈن ٹیلر بیرون ملک اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئے لیکن وہ اپنی بیٹنگ کا سلسلہ آگے نہیں بڑھا سکے اور 110کے انفرادی اسکور پر انہیں مہدی حسن نے آوٹ کردیا ۔ ان دونوں سے پہلے اوپنر برائن چاری 53رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے ۔270پرچھٹی وکٹ گرنے کے بعد34رنز کے اضافے پر بقیہ 4کھلاڑی بھی واپس لوٹ گئے اور مہمان ٹیم218رنز کے بڑے خسارے سے دوچار ہو کر فالو آن بھی ہوگئی۔ تیج الاسلام نے 40.3اوورز میں107رنز کے عوض 5جبکہ مہدی حسن نے 20اوورز میں 61رنز دے کر3وکٹیں لیں۔بنگلہ دیشی ٹیم یہ میچ جیتنے کی پوزیشن میں آگئی ہے اور کامیابی ہی اسے سیریز ہارنے سے بچا سکتی ہے کیونکہ پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کی فتح سے بنگلہ دیش 0-1کے خسارے میں ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں