سلہٹ ٹیسٹ:زمبابوے کی 17سال بعد بیرون ملک فتح
سلہٹ:زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے سلہٹ ٹیسٹ میں میزبان بنگلہ دیش کو 151رنز سے شکست دے کر 17سال بعد بیرون ملک کوئی ٹیسٹ میچ جیتنے کا کارنامہ انجام دے دیا ۔ یہ بیرون ملک زمبابوے کی تیسری فتح ہے جبکہ اس سے آخری مرتبہ پہلے نومبر 2001ءمیں بھی اس نے بنگلہ دیش ہی کو ہرا کر بیرون ملک کوئی ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔کھیل کے چوتھے دن بنگلہ دیش کو فتح کے لئے295رنز کی ضرورت تھی لیکن زمبابوے کے بولرز نے اسے میچ کے چوتھے دن ہی 169رنز پر ڈھیر کردیا ۔برینڈن ماووٹا نے 21رنز دے کر4جبکہ سکندر رضا نے41رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے اس کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا ۔ پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بنگلہ دیشی بیٹسمین مہمان اسپنرز کا مقابلہ نہ کر سکے اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے ۔زمبابوے کی پہلی اننگز میں 88رنز اسکور کرکے نمایاں رہنے والے شان ولیمز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ کھیل کے تیسرے دن زمبابوے نے میزبان ٹیم کو فتح کیلئے321رنز کا مجموعی ہدف دیا تھا ۔ لٹن داس اور امراو القیس چوتھے دن اسکور کو56رنز تک لے جانے میں کامیاب رہے لیکن اس اسکور پر لٹن داس کے آوٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور پوری ٹیم63.1اوورز میں 169رنز پرآوٹ ہو گئی ۔امرو القیس 41اور عارف الحق38رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ مہمان اسپنرز برینڈن ماووٹانے4اورسکندر رضا نے3جبکہ ویلنگٹن مساکیڈزا نے2اور کائل جاروس نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔ اس کامیابی کے ساتھ زمباوے نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں