پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے "رینٹ اے کار"لائحہ پر عملدرآمد شروع کردیا
ریاض- - - - - سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے رینٹ اے کار لائحہ پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا۔ اتھارٹی کے ڈپٹی چیئرمین فواز السھلی نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اتھارٹی نے لائحہ عمل ایسا جاری کیا ہے جس سے بری ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ لگانے والوں کو راحت ملے گی۔ لائحہ پر عملدرآمد تدریجی ہو گا۔ 3سال کا دورانیہ دیا گیا ہے۔ بعض شرائط اور ضوابط پر عملدرآمد کو سرمایہ کاروں کی خاطر فی الوقت غیر موثر رکھا گیا ہے۔ معاون ڈپٹی چیئرمین معیض آل سعید نے بتایا کہ جو لوگ رینٹ اے کار ایجنسیوں کے اجازت نامے لائحہ عمل پر عملدرآمد سے قبل حاصل کئے ہوئے تھے۔ انہیں لائحہ عمل میں موجود بعض شرائط و ضوابط سے استثنیٰ دے کر اجازت ناموں کی تجدید کا موقع دیا گیا ہے۔ 30صفر1443ھ تک انہیں گاڑیوں کی کم از کم تعداد اور نوعیت کی پابندیوں سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ لائحہ عمل میں پابندی لگائی گئی ہے کہ کوئی بھی ایجنسی 5برس سے پرانی گاڑی استعمال کرنے کی مجاز نہیں ہو گی۔ ایک شرط یہ بھی ہے کہ ہر ایجنسی کو مقررہ تعداد میں گاڑیاں رکھنی ہوں گی۔ ان دونوں شرائط سے 30صفر 1443ھ تک استثنیٰ دیا گیا ہے۔آل سعید نے بتایا کہ جن ایجنسیوں کے پاس اجازت نامے ہیں وہ 30صفر 1441ھ تک ڈرائیور سمیت گاڑی کرائے پر دینے اور گھنٹے کے حساب سے گاڑی فراہم کرنے اور رینٹ اے کار کے بروکرز کے ساتھ معاہدے اور شرائط سے مستثنیٰ ہوں گے البتہ مہلت کی تاریخ کے بعد انہیں مقررہ شرائط و ضوابط پر عملدرآمد لازم ہو گا۔ جہاں تک ایجنسی کی شکل اور دائرہ کار کے ضوابط کا تعلق ہے تو اس سلسلے میں مذکورہ زمرے میں آنے والوں کو 30صفر 1443ھ تک اصلاح حال کا موقع دیا جائے گا۔ آل سعید نے مزید بتایا کہ اجازت یافتہ ایجنسیوں کو گاڑیوں کے اندراج اور ورکنگ کارڈ کے اجراء کا موقع 30شعبان 1440ھ تک دیا جائے گا۔ آل سعید نے یہ بھی بتایا کہ لائحہ عمل کے نفاذ کے بعد جو گاڑی بھی لی جائیگی اس کا نیا ہونا ضروری ہے۔