Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو یو ٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں،عمران خان

اسلام آباد...وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ جمہوریت پسند سیاستدانوں سے نہیں بلکہ کریمنلز سے ہے۔یہ لوگ جمہوریت کی آڑ میں صرف اس لئے اقتدار حاصل کرتے ہیں کہ حکمران بن کر لوٹ مار کرسکیں۔میری حکومت نے سو روز میں حکومت کی سمت کا تعین کرکے ابتدائی کام مکمل کرلیا ۔اگلے 3 ماہ مشکل کے ہیں۔6 ماہ میں بہت بہتری آئے گی ۔ ایک سال میں ملک ترقی کے شاہراہ پر گامزن ہوجائے گا۔جو لیڈر یوٹرن نہیں لیتا وہ سیاستدان ہی نہیں۔احمق آدمی ہے جو اپنی بات پر ڈٹ جاتا ہے،عقلمند انسان یوٹرن لیتا ہے، یوٹرن اچھے کیلئے ہونا چاہئے ،نیپولین اور ہٹلر یوٹرن نہ لینے کی وجہ سے ناکام ہوئے۔ نوازشریف کی طرح جھوٹ کے لئے نہیں ہونا چاہئے۔لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کا کام جاری ہے۔ سینئر صحافیوں اور ایڈیٹرز کے وفد سے خصوصی ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آج تک حقیقی جمہوریت نہیں آئی ۔ اپوزیشن والے جسے جمہوریت کہتے ہیں وہ دراصل لوٹ مار کے لئے حکمرانی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے ۔ عمران خان نے دھاندلی کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے پھر کہا کہ 2018ءکے انتخابات ملکی سیاسی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات تھے ۔انہوںنے کہا کہ چین نے سعودی عرب سے بھی بہتر پیکج دیا ہے۔اپوزیشن والے صرف خود کو بچانے کے لئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔یہ کہتے ہیں کہ ہم چائنا سے بات چیت کی تفصیلات کیوں نہیں بتا رہے،اس کی وجہ یہ ہے کہ چین کے کئی ممالک کے ساتھ تجارتی پارٹنر شپ ہے،جو کچھ چین نے پاکستان کو دیا ہے۔ اس کی تفصیلات آ وٹ کردی جائیں تو چائنا سے دوسرے ممالک ناراض ہوجائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے چائنا سے ٹھوس پیکج لیا ہے جو سعودی پیکج سے کہیں زیادہ ہے۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کے یوٹرن کے الزام پر کہا کہ جو حالات کے مطابق یوٹرن نہیں لیتا وہ سیاستدان ہی نہیں۔اسکا تعلق عقل سے ہے۔میں کرکٹ میں کپتان تھا تو ایک حکمت عملی کے تحت میدان میں اترتا تھا لیکن مخالف ٹیم اگر کوئی ایسا فیصلہ لے تو ہم فوراً یوٹرن لے کر نئی حکمت عملی بنا لیتے تھے اور ہمیشہ کامیاب رہے۔جویوٹرن نہیں لیتا وہ نقصان کرتا ہے۔ نپولین اور ہٹلر نے یوٹرن نہیں لیا اور نتیجے میں لاکھوں فوجیں روس کی بمباری میں مروا دیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سب سے اہم کام منی لانڈرنگ کو روکنا ہے،یہ کامہم نے شروع کیا ہے تو لوگوں کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ابھی بیرون ملک پاکستانیوں کو چھپائی گئی دولت کا صرف4سے5فیصد پتہ چلاہے، ہم یہ ساری دولت واپس لائیں گے۔
 

شیئر: