Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کیخلاف دشمنوں کی افواہوں پر کان نہ دھریں، امام مسجد نبوی شریف

مدینہ منورہ /مکہ مکرمہ..... مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ عبداللہ البعیجان نے فرزندان اسلام سے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے خلاف دشمنو ںکی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے ایمان افروز روحانی ماحول میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے عالم اسلامی کو خبردار کیا کہ سعودی عرب کے خلاف نفرت کی آگ بھڑکانے والے دین اسلام کے خلاف برسر پیکار ہیں۔امام البعیجان نے کہا کہ سعودی عرب کیخلاف نفرت ، کینہ رکھنے والے جو تشہیری مہم چلا رہے ہیں وہ سعودی عرب کے خلاف گھات میں بیٹھے ہوئے تھے۔ یہ دین حق کے خلاف جنگ کررہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے گڑگڑا کر دعا کریں کہ وہ انکے فتنوں کو انکے اوپر ہی پلٹ دے۔ امام البعیجان نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے جان، آبرو اور دولت کے تحفظ کا حکم دیا ہے۔ کردار و گفتار کے ذریعے جان مال و آبرو پر حملہ کرنے والوں کو سخت وعیدیں دی ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمانو ں کا فرض ہے کہ وہ دینی اخوت کا مظاہرہ کریں۔ ایک دوسرے کے ساتھ الفت ، رحمدلی او رمحبت سے پیش آئیں۔ یا درکھیں کہ زبان کا دیا ہوا زخم مندمل ہوجاتا ہے لیکن نشان نہیں جاتا۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ ایک دوسرے کی آبرو کے خلاف بدزبانی میں کوئی قباحت محسوس نہیں کرتے۔ درپردہ راز دریافت کرکے اچھالنے کی فکر میں لگے رہتے ہیں۔ یہ بہت بڑا فتنہ ہے۔ یہ بہت بڑی برائی ہے۔ یہ ایمان کی کمزوری کی علامت ہے۔ سب لوگ ایک دوسرے کی آبرو کا خیال رکھیں۔ اس سلسلے میں اپنی زبان کو قابومیں رکھیں۔امام مسجد نبوی شریف نے کہا کہ حرام امو رسے بچنا اعمال صالحہ پر مقدم رکھا جائے۔ اسلام نے ہمیں یہی ہدایت دی ہے۔ دوسری جانب مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہر المعیقلی نے جمعہ کا خطبہ میاں بیوی کے درمیان خوشگوار تعلقات کے موضوع پر دیا۔ انہوں نے کہا کہ رحمدلی اللہ تعالیٰ کی صفت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے اوپر رحم لازم کررکھا ہے۔ اللہ رحمن اوررحیم ہے۔ اللہ تعالیٰ دن رات اپنے بندوں پر رحمت کی بارش کرتا رہتا ہے۔انسانو ںکے درمیان رحمدلی کے رشتے بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت کا ہی عکس ہیں۔ امام حرم نے بتایا کہ اہل ایمان کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی رحمت بے شمار شکلوںمیں ظاہر ہوتی ہے۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر رات دنیاوی آسمان پر نازل ہوتا ہے اور مغفرت اور توبہ کرنے والوںکو معافی دیکر نوازتا ہے۔ امام المعیقلی نے بتایا کہ جنت بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت کی عظیم الشان نشانی ہے۔ اللہ تعالیٰ جسے چاہے گا اپنی ر حمت سے اسے جنت سے نوازے گا۔ کوئی انسان بھی اپنے عمل کے بل پر جنت میں داخل نہیں ہوسکتا۔ اگر کوئی شخص ظاہری اور باطنی ہر طرح کی عبادت میں طاق ہوچکا ہو۔ اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کرتا ہوالبتہ اللہ کی نعمتوں پر اس کا شکر ادا نہ کرتا ہو ایسا شخص جنت میں نہیں جائیگا۔ امام حرم نے بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خواتین کیساتھ نرمی اور رحمدلی کے ساتھ پیش آنے کی وصیتیں بہت زیادہ کی ہیں۔ یہ انکے ساتھ اللہ تعالیٰ کی رحمت کی ایک نشانی ہے۔ پیغمبر اسلام نے فتح مکہ کے موقع پر اپنے مسلمانوں اور دین اسلام کے ان دشمنوں کی عام معافی کا اعلان کیا تھا جنہوں نے انہیں مکہ سے نکالا تھا اور جنہوں نے ان کے قتل کی سازش کی تھی۔ یہ بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت کی ایک علامت ہے۔ دین اسلام روا داری ، رحمدلی اور بنی نوع انساں کیلئے سلامتی کا علمبردار دین ہے۔

شیئر: