پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے ہند کے ویزے جاری
اسلام آباد: ہندوستانی ہائی کمیشن نے ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے قومی ہاکی ٹیم کو ویزے جاری کردئیے تاہم چیف کوچ توقیر ڈار، کوچ دانش کلیم اور کھلاڑی عرفان جونیئر کا ویزہ لگنا ابھی باقی ہے۔پی ایچ ایف نے ستمبر کے آخری ہفتے میں ویزہ درخواستوں کے ساتھ دوسری ضروری سفری دستاویز جمع کرائی تھیں جبکہ چیف کوچ توقیر ڈار، کوچ دانش کلیم اور سینیئر کھلاڑی راشد محمود کی درخواستیں چند روز پہلے دی تھیں۔ 2016 ء میں ہند نے پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کے لئے ویزے دینے سے انکار کردیا تھا۔ اس بار پاکستان ہاکی ٹیم کو ویزوں کے معاملے میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے اہم کردار ادا کیا ہے۔چیف کوچ توقیر ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری ہونا خوش آئند ہے۔ ایف آئی ایچ کے ایونٹ میں ہندوستان جان بوجھ کر رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتا۔ باقی 3 ویزے بھی پیر تک مل جائیں گے۔ ٹیم کا چند دن پہلے ہند جانے سے بہت فائدہ ہوگا۔ ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے قومی ہاکی ٹیم کاکیمپ لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے ۔رضوان سینیئر کی قیادت میں پاکستان ہاکی کا 18رکنی اسکواڈ21نومبر کو ہند کے شہر بھوبینشور روانہ ہو گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں