ویمنز ورلڈ کپ: آسٹریلیا ، ہند کے بعد ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیمی فائنل میں
سینٹ لوسیا : گروپ اے سے ویمنز ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی باقی 2ٹیموں کا فیصلہ بھی ہوگیا اور دفاعی چیمپیئن و میزبان ویسٹ انڈیز کے علاوہ انگلینڈ نے بھی میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز میں آسٹریلیا اور ہند کے ساتھ جگہ بنا لی ہے ۔ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف 83رنز سے یکطرفہ کامیابی کے ذریعے اعزاز کے دفاع کیلئے ایک قدم اور آگے بڑھایا جبکہ انگلینڈ نے اپنی بولر آنیا شربسول کی ہیٹ ٹرک اور نتالیا اسکیور کی شاندار کفایتی بولنگ کی مدد سے جنوبی افریقہ کے خلاف 7وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔ میزبان ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ ویسٹ انڈین بیٹنگ کی کامیابی اور سری لنکا کی ناکامی پر منتج ہوا ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے 5وکٹوں کے نقصان پر185رنز بنائے ۔ہیلی میتھیوز اور دیوندرا ڈوٹن با لترتیب62 اور49رنز بنا کر ٹیم کو بڑا ہدف تشکیل دینے میں مدد گار بنیں۔ کپتان اسٹیفانی ٹیلر نے 41رنز بنائے اور سری لنکا کو ایسے ہدف کے سامنے لا کھڑا کیا جس تک رسائی اس کےلئے میچ کے کسی مرحلے کے دوران بھی ممکن نظر نہیں آئی۔ رہی سہی کسر ویسٹ انڈین بولرز نے نکال دی۔کپتان چماری اٹاپٹو نے میچ بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن ان کے44رنز کے سوا کوئی اور بیٹر نمایاں اسکور نہیں بنا سکی اور پوری ٹیم17.4اوورز میں104رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ ویسٹ انڈین آل راونڈر ہیلی میتھیوز نے عمدہ بیٹنگ کے بعد بہترین بولنگ کرتے ہوئے 16رنز دے کر3وکٹیں بھی لیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ گروپ کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم انگلینڈ کو86رنز کا ہدف دے سکی۔85کے مجموعی اسکور پرآخری اوور کی ابتدائی 3گیندوں پر انگلینڈ کی آنیا شربسول نے 3وکٹیں لے کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ساتھ ہی جنوبی افریقہ کو اسی اسکور تک محدود کردیا ۔ انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر14.1اوورز میں87رنز مکمل کر کے حاصل کیا اور میچ جیتنے کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ۔ نتالیا اسکیور کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں