پاک، امریکہ عسکری تعلقات برقرار ہیں‘ پینٹاگون کی وضاحت
ورجینیا: پینٹاگون نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں اہم امریکی اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین عسکری تعلقات برقرار ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ڈائریکٹر برائے ڈیفنس پریس آپریشنز کرنل راب میننگ نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خطے میں پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفادات ہیں اور افغانستان کے استحکام و امن کے لیے پاکستان کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے عہدیدار نے کہا کہ دونوں مما کے فوجی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور پاکستان خطے میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز پاکستان کے خلاف منفی بیان جاری کرکے دونوں مماک کے مابین تناﺅپیدا کردیا تھا جس کے جواب میں پاکستانی قیادت کی طرف سے دو ٹوک جواب سامنے آنے کے بعد امریکی حکام نے وضاحتی بیان جاری کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے غلط بیانات زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں۔ ہم امریکی جنگ میں بہت نقصان اٹھا چکے اب وہی کریں گے جو ہمارے مفاد میں ہوگا۔