پاکستان کی پہلی ہندو دلت سینیٹر 100 بااثر خواتین میں شامل
کراچی: سندھ کے پسماندہ علاقے تھر سے تعلق رکھنے والی کرشنا کماری کوہلی سینیٹر بننے کے بعد 100 بااثر اور متاثر کن خواتین کی فہرست میں شامل ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق جاری کی گئی فہرست میں 2018ءکی 100 بااثر اور متاثر کن خواتین میں تھر کی سینیٹر کرشنا کماری کوہلی بھی اپنا نام شامل کرانے میں کامیاب ہو گئیں۔ واضح رہے کہ کرشنا کماری کا تعلق ضلع تھر کے علاقے نگرپارکر سے ہے اور وہ پاکستان میں سینیٹ کی رکن بننے والی پہلی ہندو دلت خاتون ہیں۔ کرشنا کماری اور ان کے خاندان نے 3 برس بے گار کیمپ میں بھی گزارے اور 16 سال کی عمر میں ان کی شادی ہوئی۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے میں بھی اپنا حصہ ڈالا۔ اس فہرست میں 60 ملکوں سے خواتین کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ ان خواتین نے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں یا مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کیا۔