بیٹی کو دوبارہ کار ریس کی اجازت دونگا
مکاو: ہانگ کانگ کے قریب واقع خود مختار خطے مکاﺅ میں فارمولا تھری کار ریس کے دوران زخمی ہونے والی 17سالہ ڈرائیور سوفی فلورش کے والد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کو آئندہ بھی کارریس میں شرکت سے نہیں روکیں گے۔ یاد رہے کہ ریس کے دوران سوفی کی گاڑی175میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلاتے ہوئے دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی تھی اور پھر ہوا میں اڑتے ہوئے ریس ٹریک کے ساتھ واقع میڈیا باکس کی چھت پر جا گری ۔ اس واقعے میں خاتون ڈرائیور سمیت5افراد زخمی ہوئے تاہم سب کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حادثے میں سوفی کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی ہے تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ مفلوج ہو نے سے بچ گئی ہے اور تندرست ہو کر دوبارہ معمول کی زندگی گزار سکے گی۔ حادثے پر اپنے ردعمل میں سوفی کے والد ایلکس کا کہناتھا اس واقعے کی وڈیو دیکھنے کے بعد میں اپنی بیٹی کی زندگی کے بارے میں خدشات کا شکار تھا لیکن اب مجھے اطمینان ہے کہ وہ بچ گئی ہے ۔ ایک سوال پر اس نے کہا کار ریس میری بیٹی کا شوق اور جنون ہے اسلئے میں اسے اب بھی نہیں روکوں گا اور اگر وہ چاہے تو دوبارہریس میں شرکت کر سکتی ہے ۔امید ہے کہ اس واقعے کے بعد اس کے دل ہر قسم کا خوف نکل جائے گا اور وہ زیادہ کامیابیاں سمیٹ سکے گی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں