مدھیہ پردیش: ہیما مالنی کےانتخابی جلسہ میں ’ ’ بتی گُل‘‘
بھوپال۔۔۔۔ریاستی دارالحکومت بھوپال میں انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ اوربالی وڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی جیسے ہی اسٹیج پر پہنچیں اچانک بتی گُل ہوگئی جس سے جلسہ عام میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ہیما مالنی بھوپال کی نریلا اسمبلی سیٹ سے بی جے پی امیدوار وشواس سارنگ کے لئے انتخابی مہم میں شرکت کیلئے پہنچی تھیں۔بی جے پی حکومت میں بار بار بجلی منقطع ہونے کے بعد ہیما مالنی نے اسٹیج پر موجود کارکنوں کے موبائل ٹارچ کی روشنی میں اپنی تقریرکا آغاز کیا۔ انہیں دیکھنے کے لئے کثیر تعداد میں لوگ جمع تھے۔ ہیما مالنی نے رقص کے انداز میں بی جے پی کا انتخابی نشان کمل کا پھول بنا کر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے اپنی تقریر میں بتایا کہ یہاں سے بی جے پی امیدوار 75 ہزار خواتین سے’’ راکھی ‘‘بندھواتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے ریاست میں مقیم جنوبی ہند کے ووٹرزکے سامنے تامل زبان میں بھی تھوڑی دیرخطاب کیا۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں