Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاست میں میرا وجود دنیا کمانے کیلئے نہیں، عوام کی خدمت اصل مقصد ہے، اکبر اویسی

    حیدرآباد - - - قائد مجلس اکبر الدین اویسی نے کہا کہ سیاست میں میرا وجود دنیا کمانے کیلئے نہیں ، غریب عوام کی خدمت میرا نصب العین ہے۔ حلقہ اسمبلی  چندرائن گٹہ میں جمعیت  اہلحدیث کے ذمہ داروں کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے  یہ بات کہی۔ انہوں نے  اپنے فکر انگیز خطاب  میں کہا کہ عقائد و مسالک کی بنیاد پر اختلافات پوری ملت  کا مجموعی نقصان  ہے۔ کلمہ  طیبہ کی بنیاد پر متحد و منظم ہوتے ہوئے باطل طاقتوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے موجودہ  حالات کے تناظر میں انتہائی سوجھ بوجھ کے ساتھ زندگی گزارنے کی ضرور ت ہے۔  2014ء کے انتخابات میں  نریندر مودی  کی جماعت بی جے پی نے کئی  انتخابی وعدے کئے تھے۔ اسی وقت مجلس نے کہا تھا کہ بی جے پی کا ایجنڈا  ترقی و خوشحالی یا ملک کی ترقی  کی سمت لیجانے  کا نہیں بلکہ  ان کا واحد ایجنڈا ہندوتوا اور ہندو  راشٹر  ہے۔  یہ ملک کی بنیادیں کمزور کردیں گے۔  اب دیکھ لیں کہ مجلس کی یہ پیش گوئی  درست ثابت ہورہی ہے۔  اکبر اویسی نے  مزید کہا کہ ملک میں مسلم عیسائی اقلیت  اور دیگر کمزور طبقات کو  ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مجلس اس ظلم و تشدد  کیخلاف آواز اٹھاتی ہے تو فرقہ پرست کہا جاتا ہے لیکن ان ظالموں اور فرقہ  پرستوں کیخلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ  بعض مقامات پر  تو مظلوموں کو گندگی تک کھلائی گئی۔ ان واقعات کو بیان کرنے کا مقصد  اشتعال دلانا یا سیاسی  مقاصد کا حصول نہیں بلکہ حق بیانی کا اظہار ہے۔  یہ حقیقت ہے کہ ہم حق بیانی سے نہ کبھی  پیچھے ہٹے ہیں اور نہ ہٹیں گے۔ انسانیت کے ظالموں کیخلاف ہمارا صدائے احتجاج  ہمیشہ بلند ہی رہے گا۔
مزید پڑھیں: - - - - -دہلی حکومت نے اردو اساتذہ کی تنخواہیں دُگنی کردیں

رائے دیں، تبصرہ کریں

شیئر: