آشیانہ اسکینڈل ، شہبازشریف کے خلاف ریفرنس تیار
لاہور... نیب نے آشیانہ اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا۔ریفرنس 24 نومبر کو فائل کئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی ٹیم نے آشیانہ اقبال اسکینڈل ریفرنس سے متعلق چیئرمین نیب کو بریفنگ دی ۔ نیب ریفرنس کے متن میں کہا گیا کہ شہبازشریف نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے پرائیویٹ افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی۔ شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ غیر قانونی طور پر پی ایل ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طاقت کا غیرقانونی استعمال کیا۔ شہباز شریف کی شریک ملزم فواد حسن فواد سے ملی بھگت سے میرٹ پر آنے والی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرایا گیا۔ مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو غیر قانونی منافع دینے کی غرض سے ٹھیکا منسوخ کرایا۔اسی کمپنی سے غیرقانونی طور پر مالی فوائد حاصل کئے۔شہباز شریف نے 21 اکتوبر 2014 کو آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا ٹھیکہ پی ایل ڈی سی سے ایل ڈی اے کو منتقل کرنیکا حکم دیا۔ان اقدامات سے پی ایل ڈی سی کے وجود کی نفی ہوتی نظر آئی۔ حکومتی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچا۔ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ ملزم شہباز شریف نے غیرقانونی طور پر ہی ایل ڈی اے کو ٹھیکہ منتقل کرنیکی منظوری دلوائی۔ اس وقت کے ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ تھے۔ پبلک پارٹنر شپ کے تحت ٹھیکہ منظور نظر میسرز بسم اللہ ا نجیئرنگ کو دیا گیا جو پیراگون کی پراکسی کمپنی تھی۔