رام مندر کی تعمیر قانون کے مطابق ہی ہوگی، وزیر اعلیٰ یوپی
جمعرات 22 نومبر 2018 3:00
لکھنؤ - - -وزیراعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ قانون کو نظرمیں رکھ کر ہی رام مندر کی تعمیر کی جائیگی۔ ملک کا نظام اب رام اورروٹی سے چلے گا۔ وزیراعلیٰ نے یہاں جمعرات کو مدھیہ پردیش روانگی سے قبل اخبارنویسوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے واضح کیا کہ اجودھیا میں جہاں اس وقت رام کامجسمہ رکھا ہواہے۔ اسی مقام پر ان کا مندر تعمیر ہوگااور اس کیلئے بی جے پی پوری کوشش کرے گی وہ کسی طرح بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 25 نومبر کو اجودھیا میں ہونے والی مذہبی تقریب اورشیوسینا کے پروگرام کے سلسلے میں محکمہ پولیس پوری طرح مستعد ہے۔ اجودھیا کے ایک ایک علاقہ پر سخت نظررکھی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں پولیس اہلکاروں کی کثیرتعداد سادہ وردی میں اجودھیا شہر اوردیہی علاقوں میں تعینات کردیئے گئے۔