بیجا تنقید اور ترش لہجے بچے کی شخصیت کو مسخ کردیتے ہیں
بچے والدین کے لیے قدرت کا ایک حسین تحفہ ہیں ۔ والدین کی پوری زندگی انہی کے گرد گھومتی ہے ۔ بچے والدین کے لئے متاع حیات ہیں ۔ والدین اور اولاد کے باہمی تعلقات کو مثالی ہونا چاہیے لیکن افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ رویوں کی تلخی اور منفی پن والدین اور اولاد کے درمیان فاصلے پیدا کردیتا ہے ۔ والدین کی بے جا سختی ، بچوں کی خودمختاری کا سلب کرنا ، بچوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اپنانا ، بے جا تنقید اور ترش لہجے بچے کی شخصیت کو مسخ کردیتے ہیں ۔ یہ رویے بچے کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر کے ان کی شخصیت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں ۔ ترش لہجے اور تلخ رویے والدین اور بچوں کے درمیان بچپن سے لے کر جوانی تک ایسا فاصلہ پیدا کردیتے ہیں جو کبھی سمٹنے میں نہیں آتا ۔ ماہر نفسیات کے مطابق اگر اس قسم کا ماحول گھر میں رکھا جائے تو اس گھر کے بچے عموماً سنجیدہ اور خوف زدہ نظر آتے ہیں ۔ بچوں کی غیرمعمولی سنجیدگی کے پیچھے ان کا الجھا ذہن اور احساس کمتری ہوتا ہے جو بچے کی شخصیت کو مسخ کردیتا ہے ۔ اس سوچ اور ذہنی دباؤ کے باعث اس کی نیند تک متاثر ہو جاتی ہے ۔
ہمارے ہاں یہ عام مشاہدے کی بات ہے کہ بچے کی اہداف سے کم کامیابی حاصل کرنے پر والدین اسکی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے اسے بے جا تنقید کا نشانہ بناتے ہیں ۔ اگر آپ کا بچہ خوش اور مطمئن ہے تو وہ ذہین نہ ہوتے ہوئے بھی زندگی میں کچھ نہ کچھ کامیابیاں ضرور حاصل کرلے گا ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بچے پر بے جا تنقید کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔ بچے کی تربیت میں یہ بات شامل کریں کہ وہ ناکامی سے سبق سیکھے ۔ اور بغیر کسی دباؤ یا خوف کے اپنی صلاحیتوں کو بہتر طور پر استعمال کرے ۔ سختی ایک حد تک اچھی ہوتی ہے تاہم کوئی بھی چیز کی حد سے تجاوز کر جائے تو اعصاب پر بہت برے اثرات مرتب کرتی ہے ۔ بچے پر بےجا دباؤ ڈالنا اور ترش لہجے میں بات کرنا اسے باغی کرسکتا ہے ۔ والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کی ذہنی استعداد اور قابلیت کو سمجھیں اور ان کی ہر طرح سے مدد کریں ۔ بچے پر ضرورت سے زیادہ بوجھ اور آپ کی توقعات اسے ساری زندگی کے لئے ناکام یا نفسیاتی انسان بنا سکتی ہیں ۔ اپنے بچے کو خوشیاں دیں ۔ اس سے نرم اور میٹھے لہجے میں بات کریں ۔ ایک چھوٹی کامیابی آپکے بچے کو پراعتماد بنا سکتی ہیں ۔ بس تھوڑی سی محنت اور محبت کے ذریعے آپ اپنے بچے کی شخصیت کو پروقار ، بااعتماد اور مثبت بنا سکتے ہیں ۔