نئی دہلی ..... غالب انسٹیٹیوٹ ایوارڈ کمیٹی نے” غالب انعامات 2018ئ“ کے 6اہم انعامات کا اعلان کردیا۔ممتاز دانشور اور مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور کے وائس چانسلر پروفیسر اختر الواسع کو انکی مجموعی علمی خدمات ، اردو کے ممتاز ناقد و دانشور کئی اہم کتابوںکے مصنف اور شعبہ اردورانچی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر شین اختر کو انکی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں فخر الدین علی احمد غالب انعام برائے اردو تحقیق و تنقید سے سرفراز کیا جائیگا۔ فارسی کے نامور اسکالر مولانا مظہر الحق ، عربی و فارسی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر شرف عالم کو فخر الدین علی احمد غالب انعام برائے فارسی تحقیق و تنقید کےلئے منتخب کیا گیا۔ معروف تخلیق کار پروفیسر حسین الحق کا نام غالب ایوارڈ برائے اردو نثرکیلئے طے کیا گیا۔ بین الاقوامی شہرت کے حامل جاوید اختر کانام غالب انعام برائے اردو شاعری کے لئے تجویز کیا گیا۔ ہم سب غالب انعام برائے اردو ڈرامہ کیلئے مشہور ڈرامہ نگار پروفیسر دانش اقبال کے نام پر اتفاق ہوا۔ یہ تمام ایوارڈ بین الاقوامی غالب تقریبات کے افتتاحی اجلاس میں 21دسمبر 2018ءکو سرٹیفکیٹ ، مومنٹو اور 75ہزار روپے نقد کے ساتھ ایوان غالب میں تقسیم کئے جائیں گے۔ ایوارڈ کا فیصلہ کمیٹی کے چیئرمین جسٹس آفتاب عالم کی صدارت میں کیا گیا۔ اس موقع پر غالب انسٹیٹیوٹ کے سیکریٹری پروفیسر صدیق الرحمان قدوائی ، ڈاکٹر اطہر فاروقی اور غالب انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا حیدر میٹنگ میں موجود تھے۔ غالب انعامات 2018ءکے 6اہم انعامات کے فیصلے کئے گئے۔