ضرورت مندوں کومفت طبی معائنہ اور ادویہ کی سہولت مہیا کی جائیگی
ریاض (جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان کی زیر سرپرستی پاکستان ڈاکٹرز گروپ 30نومبر جمعہ دوپہر 2بجے سے شام 7بجے تک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کررہا ہے۔ طبی ماہرین مریضوں کا بلا معاوضہ معائنہ کریں گے اور انہیں مفت ادویہ بھی فراہم کی جائیں گی۔ آنکھ، ناک، کان، گلے، دل ، معدہ ، دانت، جگر، گردے، مثانے، جلد اور زچہ و بچہ کے امراض کے ماہرین کے علاوہ آرتھوپیڈک نیورو اور جنرل سرجن بھی دستیاب ہونگے جبکہ الٹرا ساﺅنڈ ، ای سی جی اور لیباریٹری کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ ریاض شہر کے مختلف مقامات سے حاجتمند مریضوں کو لانے اور لیجانے کیلئے بلا معاوضہ ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی سفارتخانے نے کیا ہے۔ شمیسی گول چکر سے ایک بجے اور 3بجے، مدینہ ریستوران صناعیہ قدیم سے 2بجے اور 4بجے۔ پاک بابا سوئٹس سے 2بجے اور عتیقہ مارکیٹ منفوحہ سے ایک بجے بسیں چلیں گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس دن تنفس کے مرض دمہ کا دن بھی منایا جائیگا اور مریضوں کو اس بارے میں معلومات بھی فراہم کی جائیں گی۔