Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’مندرجلد بنائیں گے‘‘ کے نعروں سے گونج رہا ہے اجودھیا

لکھنؤ۔۔۔مندرکی تعمیر کیلئے لگنے والا نعرہ بھی بدلتا نظرآرہا ہے۔ پہلے جونعرہ ’’مندروہیں بنائیں گے‘‘تھا، وہ اب ’’مندرجلد بنائیں گے‘‘میں تبدیل ہوچکا ہے۔ شیو سینا نے بی جے پی کوواضح پیغام دیتے ہوئے’’ پہلے مندرپھرسرکار ‘‘کہہ کراپنا موقف واضح کردیا۔اطلاع کے مطابق شہر میں ہرطرف خوف و ہراس کا ماحول برپا ہے۔ اجودھیا کے مسلمانوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ انہیں ڈرہے کہ کہیں 1992 کا حادثہ پھرسے نہ دہرا یاجائے۔ فیض آباد ضلع انتظامیہ نے متنازعہ مقام پردفعہ 144 نافذ کردی۔ ساتھ ہی  سخت سیکیورٹی انتظامات کا بھی دعویٰ کیا جارہا ہے۔اترپردیش پولیس نے اتوارکو’’ دھرم سبھا ‘‘کے دوران ہنگامہ آرائی کے خدشات کے پیش نظرپوری ریاست میں الرٹ جاری کردیا۔ حکومت نے اے ڈی جی آشوتوش پانڈے اورآئی جی (جھانسی) ایس ایس بگھیل کو سیکیورٹی کی دیکھ بھال کیلئے مقررکردیا ۔ اجودھیا کے اے ایس پی سنجے کمارنے کہا کہ سینٹرل پیراملٹری فورس کی 10 کمپنیاں اوراسٹیٹ آرمڈ پولیس کی68 اضافی کمپنیاں امن و امان برقراررکھنے کیلئے تعینات کردی گئیں۔علاوہ ازیں آس پاس کے اضلاع سے مقامی پولیس فورس طلب کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق ریاستی پولیس کی ایک فیلڈ یونٹ سرجو ندی پر گشت کررہی ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈکے علاوہ اے ٹی ایس کمانڈوز ناگہانی حالات سے نمٹنے کیلئے تیارہیں۔علاقے پر نظر رکھنے کیلئے ڈرون کا بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادونے کہا کہ سپریم کورٹ کو اجودھیا میں موجودہ حالت کو دھیان میں رکھنا چاہئے اورمن وامان کویقینی بنانے کیلئے فوج تعینات کی جائے۔ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے نہ توعدالت پر اعتماد ہے اورنہ ہی آئین میں یقین ہے۔
مزید پڑھیں: - - - -کرناٹک: ہولناک بس حادثہ میں بچوں سمیت 30 افراد ہلاک
رائے دیں، تبصرہ کریں

شیئر: