سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے تحت شامی شہر دمشق میں پانچ رضا کارانہ طبی پروگرام اختتام پذیر ہوگئے۔
مملکت کے رضاکارانہ پروگرام ’امل‘ کے تحت اس پروگرام میں طبی شعبوں کے 50 سپیشلسٹ رضاکاروں نے شرکت کی۔

سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق یہ طبی پروگرام نیورو سرجری، آرتھوپیڈکس اور جوائنٹ سرجری، پیڈریاٹرک سرجری اور کارڈیک کیتھٹرائزیشن پر مشتمل تھے۔
شاہ سلمان مرکز کی رضاکار میڈیکل ٹیم نے نیورولوجی میں 14 سرجریاں،27 جوائنٹس کی تبدیلی کے آپریشن، 38 پیڈریاٹک سرجریاں اور بچوں کے لیے 50 کارڈیک کیتھٹرائزیشن مکمل کیے۔

امل پروگرام کا مقصد طبی اور جراحت کے شعبوں میں 104 پروگراموں کا انعقاد ، تربیتی اور تعلیمی پروگرام کے علاوہ شام کے مختلف شہروں میں ضرورت مندوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے جس میں 3 ہزار سے زائد رضاکاروں نے حصہ لیا۔
یہ سعودی عرب کی جانب سے شام میں ہیلتھ کیئر کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے شاہ سلمان مرکز کے ذریعے رضاکارانہ طبی منصوبوں کے سلسلے کا ایک حصہ ہے۔