کولمبو ٹیسٹ میں انگلینڈ کی فتح ، سری لنکا کو وائٹ واش کر دیا
کولمبو: انگلینڈ نے تیسرا ٹیسٹ میچ 42رنز سے جیت کرمیزبان سری لنکا کو سیریز میں وائٹ واش کردیا ۔کولمبو ٹیسٹ میں فتح کیلئے سری لنکا کو 326رنز کا ہدف ملا تھا تاہم میزبان ٹیم دوسری اننگز میں284رنز پر آوٹ ہو گئی۔ 10ویں وکٹ کی شراکت میں سورنگا لکمل اور پشپا کمارا نے 58رنز کی شراکت قائم کی۔دونوں نے ہدف تک رسائی کی کچھ امید پیدا کی لیکن جیک لیچ نے اس پریشان کن شراکت کا خاتمہ کرکے ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنار کردیا۔ پشپا کمارا 42رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔ انگلینڈ کے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین جونی بیئر اسٹو مین آف دی میچ اور اس سیریز میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سنبھالنے والے بین فوکس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہدف کے تعاقب میں کھیل کے تیسرے دن سری لنکن ٹیم53رنز پر اپنے4کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی لیکن کوشل مینڈس کے 86اور روشن سلوا کے65رنز کے علاوہ میچ کے آخری مرحلے میں پشپا کمارا کے جارحانہ42رنز نے سری لنکا کو ہدف کے قریب پہنچا دیا تھا لیکن 86کے انفرادی اسکور پر کوشل مینڈس کا رن آوٹ اور روشن سلوا کا ایل بی ڈبلیو آوٹ ہونا انگلینڈ کو کھیل میں واپس لے آیا۔انگلینڈ کی جانب سے اسپنرز معین علی اور جیک لیچ ایک مرتبہ پھر سری لنکن بیٹسمینوں کیلئے بڑا مسئلہ بنے اور دونوں نے 4،4 وکٹیں لے کر میزبان بیٹنگ لائن کو تباہی سے دوچار کردیا ۔ایک وکٹ فاسٹ بولر بین اسٹوکس کے حصے میں آئی۔ پہلی اننگز میں سنچری بنا کر ٹیم کو برتری دلانے والے جونی بیئر اسٹو مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ اس سیریز سے کیریئر کا آغاز کرنے والے بین فوکس اپنی مجموعی شاندار بیٹنگ کی بدولت سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 3میچوں کی 6اننگز میں277رنز اسکور کئے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں