”زواج مسیار “ کے قانونی مسائل حل کرنےکا مطالبہ
ریاض.... ”زواج مسیار“ (کام چلاﺅ شادی) نے شوہر بیوی اور غیر متوقع اولاد کیلئے قانونی مسائل پیدا کردیئے۔ سعودی اسکالر ”اصیل الجعید“نے مطالبہ کیا ہے کہ شوہر بیوی اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی ضروری ہے۔ زواج مسیار کے دوران اور طلاق کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کا حل ابھی تک مقرر نہیں کیاگیا ۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ عام طور پر زواج مسیار کرتے وقت فریقین طے کرلیتے ہیں کہ شادی کو خفیہ رکھا جائے گا۔ یہ بھی طے کرلیا جاتا ہے کہ شادی کے نتیجے میں اولاد سے اجتناب برتا جائے گا۔ سوال یہ ہے کہ اگر اس کے باوجود زواج مسیار نتیجے میں اولاد پیدا ہوجائے تو محکمہ احوال مدنیہ (محکمہ پیدائش، و فات) میں اندراج کے علاوہ وراثت اور طلاق کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کے حل کا قانون میں تعین نہیں کیاگیا۔ زواج مسیار کرنے والی خاتون کی قانونی پوزیشن کیا ہوگی۔ الجعید نے توجہ دلائی کہ وہ اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتے کہ آیا زواج مسیار جائز ہے یا حرام ہے ، فی الوقت فقہ اکیڈمی کے فتوے کے بموجب اس قسم کی شادی حلال مانی جارہی ہے۔ بہت سارے سعودی مختلف مسائل سے جان چھڑانے کیلئے ایسی شادیاں کئے ہوئے ہیں۔ سعودی شہری سے سماجی ، اقتصادی اور خاندانی حالات کے باعث آسان حل قرار دیئے ہوئے ہیں۔ الجعید کا کہنا ہے کہ فی الوقت بعض لوگ زواج مسیار کا اندراج عدالت میں کراتے ہیں جبکہ دیگر عدالت جانے سے بھی گریز کرتے ہیں۔ غیر سرکاری دستاویز پر دستخط کرکے معاملہ نمٹالیتے ہیں۔ شادی کے باقاعدہ گواہ ہوتے ہیں البتہ نکاح کا اعلان نہیں کیا جاتا۔ اسی وجہ سے اس نکاح کے جو قانونی اثرات مرتب ہونے چاہئیں وہ نہیں ہوتے۔ زواج مسیار کرنے والی خاتون اور مرد کو فیملی کارڈ نہیں ملتا۔ ایسی خاتون اور ایسا مرد ہوٹل میں کمرہ بُک نہیں کرا سکتا۔ مکان کرائے پر لینے کیلئے بھی اسے واسطے کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ زواج مسیار سے پیدا ہونے والی اولاد کے نان نفقہ کے مسئلے کابھی کوئی حل مقرر نہیں ہے۔ ایک اور مسئلہ ہے وہ یہ کہ بعض لوگ 4 شادیاں باقاعدہ طریقے سے کئے ہوتے ہیں اور اوپر سے زواج مسیار بھی کرلیتے ہیں۔ ان کی پانچویں شادی ریکارڈ پر نہیں آتی۔ الجعید نے مذکورہ وجوہ کی بنا©ءپر پرزور مطالبہ کیا ہے کہ متعدد مسائل سے سماج کو بچانے کیلئے زواج مسیار کی بابت قانون سازی کی جانی ضروری ہے۔