دبئی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کو اننگز کی شکست، یاسر شاہ کی عمدہ کارکردگی
دبئی: پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔پہلا ٹیسٹ نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز انداز میں 4رنز سے جیتا تھا۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی یاسر شاہ کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے 6 کیویز کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ یاسر شاہ نے میچ میں 14 کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے نیا ریکارڈ بنا دیا۔یاسر شاہ کو اس شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔میچ کے چوتھے دن فالوآن کا شکار کیوی ٹیم نے 131 رنز 2 کھلاڑیوں آوٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو 44 رنز پر موجود لیتھم اپنے اسکور میں صرف 6 رنز کا اضافہ کرسکے ، 146 پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ گری۔لیتھم کے آوٹ ہونے کے بعد روس ٹیلر اور ایم نیکولز نے اسکور بڑھاکر 198لے گئے یہاں روس ٹیلر بلال آصف کی گیند پر 82 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ کھانے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور222/4تھا۔ بی جے ویٹلنگ 27 رنز بنا کر 255 کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہوئے۔ 270 پر چھٹی وکٹ گری ، 285 پر ساتویں، 301 پر آٹھویں ، 311 پر نویں اور 312 پر آخری وکٹ گر گئی جبکہ پاکستان کی پہلی اننگز کا مطلوبہ اسکور برابر کرنے کیلئے ابھی 16رنز باقی تھے۔دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے 6، حسن علی نے 3 جبکہ بلال آصف نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ نے پہلی اننگز میںنیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو صرف 90 رنز پر آوٹ کردیا تھا۔یاسرشاہ نے پہلی اننگز میں 41 رنز کے عوض نیوزی لینڈ کی 8 وکٹیں حاصل کی تھی، جس کے باعث کیوی ٹیم فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔ حارث سہیل اور بابراعظم کی شاندار سنچریوں کی مدد سے پاکستان نے 5 وکٹوں پر 418 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ 3دسمبر سے ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں