ہند کی ہٹ دھرمی ،پاکستانی کوششوں کو بے سود قرار دیدیا
نئی دہلی: پاک، ہند تعلقات کے سلسلے میں پاکستان کی جانب سے مثبت اقدامات اور فیصلوں کے بعد ہند کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے منفی بیان جاری کیا ہے جس سے خوشگوار فضا مایوسی میں تبدیل ہوتی محسوس ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سشما سوراج کا کہنا ہے کہ کرتار پور کوریڈور کھلنے کا مطلب یہ نہیں کہ اب پاکستان سے دوطرفہ مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ہند کے دارالحکومت نئی دہلی میں پریس بریفنگ کے دوران ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ دوطرفہ بات چیت اور کرتار پور بارڈر مختلف معاملات ہیں۔ گزشتہ کئی برس سے ہند پاکستانی حکومتوں سے کرتارپور کوریڈور کھولنے کا مطالبہ کر رہا ہے، جس پر پہلی بار کسی پاکستانی حکومت نے اس معاملے پر مثبت جواب دیا ہے تاہم بارڈر کھلنے کا مطلب یہ نہیں کہ اب دوطرفہ تعلقات کا آغاز ہو جائے گا۔ ہند کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ہمیشہ کی طرح پاکستان کے خلاف منفی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم سارک کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کی جانب سے دعوت نامے پر کوئی مثبت جواب نہیں دیں گے۔ جب تک پاکستان ہند میں دہشت گرد کارروائیاں بند نہیں کرتا۔ ہند پاکستان سے کوئی بات چیت نہیں کرے گا اور نہ ہی سارک کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ واضح رہے کہ کرتارپور کوریڈو کے سنگ بنیاد کی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور وزیراعظم عمران خان آج کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھیں گے جب کہ تقریب میں پاک ہند سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری شرکت کریں گے اور ہندوستانی وزیر سیاحت نوجوت سنگھ سدھو بھی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان موجود ہیں۔ عالمی سیاست پر نظر رکھنے والے خصوصاً جنوبی ایشیا میں پاک ہند تعلقات کے حوالے سے مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے مثبت اقدامات اور فیصلوں سے دونوں ممالک کے روابط میں اچھی فضا قائم ہونے کی امید ہے جبکہ ہند کی وزیر خارجہ سشما سوراج ہمیشہ کی طرح ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حالیہ پیش رفت پر منفی بیان جاری کررہی ہیں۔