ن لیگ کے رہنما حافظ نعمان گرفتار
لاہور ...نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حافظ نعمان کو گرفتار کرلیا۔ لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد ہونے پر حراست میں لیا گیا۔لاہور ہائی کورٹ کے2 رکنی بنچ نے حافظ نعمان کی درخواست پر سماعت کی۔حافظ نعمان نے درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ 2008 میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوا ۔اعزازی طور پر لاہور پارکنگ کمپنی کا پہلا سربراہ مقرر کیا گیا ۔ لاہورپارکنگ کمپنی سے کسی بھی مد میں ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا بحیثیت سربراہ اپنی ذمہ داریاں قانون کے مطابق سرانجام دیں۔ 30 دسمبر 2016 کو لاہور پارکنگ کمپنی کی سربراہی سے استعفی دے دیا تھا۔2013 میں لاہور پارکنگ کمپنی نے قانون کے مطابق اشتہار دے کر ٹھیکہ دیا اس میں شفافیت کو مدنظر رکھا گیا۔ انہوں نے نیب کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پارکنگ کمپنی کے خلاف نیب کی انکوائری غیر قانونی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور قانون پر عمل کرنے والا شہری ہوں ہر قسم کی انکوائری کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔نیب کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ حافظ نعمان نے غیر قانونی طور من پسند کمپنیوں کو پارکنگ کا ٹھیکہ دیا ۔چیئرمین کے طور پر اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔بعد ازاں عدالت نے عدالت نے حافظ نعمان کی ضمانت قبل از گرفتار کی درخواست مسترد کردی۔ نیب نے انہیں احاطہ عدالت سے باہر نکلتے گرفتار کرلیا۔