Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی کا کراچی کنگز کیخلاف کارروائی سے گریز

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز کے نادہند ہونے کے باوجود اس کے خلاف کسی کارروائی سے گریز کررہا ہے۔کراچی کنگز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ابھی تک 2.6 ملین ڈالر سالانہ فیس کے علاوہ 26 فیصد ٹیکس اور گارنٹی منی ادا نہیں کی۔ ڈیڈ لائن گزرنے اور نادہندہ ہونے کے باوجود پی سی بی حکام نے ابھی تک فرنچائز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسی ہی صورتحال کی وجہ سے بورڈ نے سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کر تے ہوئے اس کے تمام معاملات اپنے کنٹرول میں لے لئے تھے۔ملتان سلطانز نے تیسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم کی حیثیت سے پہلی اور آخری مرتبہ شرکت کی تھی ۔ بورڈ اور لیگ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کو26لاکھ ڈالرز سالانہ فیس کے علاوہ 26 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہے، بقیہ 4 فرنچائز نے اپنے حصے کی بینک گارنٹی جمع کرادی ہے لیکن کراچی کنگز نے بینک گارنٹی بھی جمع نہیں کرائی ۔بورڈ ترجمان نے اس بارے میں کسی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا ۔ زرضمانت جمع نہ کرانے کے باوجود کراچی کنگز کا معاہدہ نہ صرف برقرار ہے بلکہ پی ایس ایل ٹیموں کی جانب سے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس میں چھوٹ کیلئے پی سی بی نے جو کمیٹی تشکیل دی اس میں کراچی کنگز کے مالک کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور مضامین پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: