ابو ظبی ٹیسٹ کیلئے پاکستانی اسکواڈ برقرار
جمعرات 29 نومبر 2018 3:00
ابوظبی:پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ابوظبی ٹیسٹ کیلئے دوسرے میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔یاسر شاہ کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس جیسی بولنگ کیریئرمیں آج تک نہیں دیکھی۔ پاکستانی ٹیم نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز 1-1سے برابر کردی ہے اور اب یہی ٹیم ابو ظبی میں 3دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گی۔ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈکوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد 15رکنی اسکواڈ کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کیلئے برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، امام الحق، محمد حفیظ، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، سعد علی، یاسر شاہ، بلال آصف، محمد عباس، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور میر حمزہ شامل ہیں۔ مزید برآں سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں واپسی کیلئے پوری ٹیم نے سخت محنت کی جس کے نتیجے میں ہمیں دبئی ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کا موقع ملا اور اب تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کیلئے نئے جوش و جذبے سے میدان میں اتریں گے۔ ابوظبی میں جیتا ہوا پہلا میچ صرف 4رنز سے ہار جانا قابل برداشت نہیں تھا اور اسی ناکامی کو دیکھتے ہوئے سب نے واپسی کیلئے ہر ممکن کوشش کی کیونکہ ہمارے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ اب ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ تیسرے ٹیسٹ کیلئے زیادہ اعتماد اور حوصلے کے ساتھ تیار ہونگے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں