ملک توڑنے کیلئے کون کام کر رہا ہے؟
سکھر... پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف زرداری نے کہاہے کہ 18ویں ترمیم سے کافی لوگوں کو تکلیف ہے پر میں18ویں ترمیم پاکستان کے لئے لایا کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ پاکستان کو توڑنے کے لئے کونسی طاقتیں کام کررہی ہیں۔آج کے حکمران ملک کو غلط طریقے سے استعمال کر رہے ہیں اور خود بھی غلط استعمال ہو رہے ہیں ۔ آپ بلاول کا ساتھ دیں تو پیپلز پارٹی کا قلعہ بن کر ہی رہے گا۔ پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس پر سکھرمیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے زرداری نے کہاکہ بھٹو اور بی بی کے بتائے گئے راستے پر چل کر عوامی خدمت کر رہے ہیں ۔ آج ڈکٹیٹر ضیا الحق اور مشرف کا نام بھی نہیں کیونکہ ان کی کوئی سیاسی زندگی نہیں تھی ۔پیپلز پارٹی جو ماضی میں بھی شاندار تھی آج بھی ہے اور مستقبل میں بھی ہوگی ۔ پرویز مشرف کو میں کہتا تھا کہ اس ملک کو پیپلز پارٹی کی طرح کی ہی ایک مضبوط پارٹی چلا سکتی ہے۔سابق صدر نے کہا کہ اب یہ لوگ اٹھارویں ترمیم پر وار کر رہے ہیں۔ 18ویں ترمیم میں نے اپنے نہیں پاکستان کے فائدے کے لئے کی تھی ۔