Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’الزام ثابت ہوا تو سیاست چھوڑ دوں گا‘‘

سکھر:  پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کے استعمال، جیل بھجوانے کی دھمکیوں سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ پارلیمان کی بالادستی ہی تمام مسائل حل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود اعتراف کرتے ہیں کہ ان کی اہلیہ بار بار بتاتی ہیں کہ تم وزیر اعظم ہو، جس شخص نے خود کو وزیر اعظم تسلیم نہیں کیا اسے قوم کیسے تسلیم کرلے؟۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کا کام ملکی ترقی کی بات کرنا اور ریاست کو مضبوط کرنا ہوتا ہے جبکہ ہمارے وزیر اعظم انڈے اور مرغیوں کی بات کرکے دنیا میں پاکستان کا مذاق بنواتے ہیں۔ حکومت کے 100 دن کی کارکردگی یہ ہے کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر 142 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ دسمبر کے آخر تک 145 روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر بڑھنے سے ملکی قرضوں میں 13 ہزار ارب روپے اضافہ ہوا۔
ہندوؤں کی زمین پر قبضے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کی اراضی سے متعلق مجھ پر غلط الزام لگایا گیا ہے جسے کوئی شخص ثابت نہیں کرسکتا۔ چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ اس معاملے پر مجھے طلب کریں۔  اگر مجھ پر قبضہ ثابت ہوا تو پھر بحیثیت سیاستدان مجھے سیاست کا کوئی حق نہیں۔
 

شیئر: