Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل والوں کو پیٹرول نہیں ملے گا

کراچی:  شہر قائد اور راولپنڈی میں موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کی عادت پختہ کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کلیم امام نے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا حکم جاری کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہر کی تین معروف سڑکوں کو ماڈل روڈ بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ہدایات کی گئی ہیں کہ شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ اور میٹروپول سے دو تلوار چورنگی تک ماڈل روڈ بنایا جائے۔ علاوہ ازیں آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپس پر سخت نظر رکھی جائے گی اور انہیں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ہیلمٹ کے بغیر سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو فیول فراہم نہ کیا جائے۔  انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش کے لیے لگائے جانے والے کنٹینرز کے لیے بھی ضابطہ اخلاق بنادیا گیا۔  آئی جی سندھ نے حکم دیا کہ کنٹینرز پر ’’زحمت کے لیے معذرت‘‘ واضح لکھوایا جائے ۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بھی سٹی ٹریفک پولیس نے آج سے ہیلمٹ کی پابندی پر سختی سے عمل کرانا شروع کردیا ہے۔ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو شہر اور کینٹ کے کسی بھی پیٹرول پمپ سے پیٹرول نہیں دیا جا رہا جبکہ مال روڈ سے کچہری چوک تک بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکلوں سواروں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔
 

شیئر: