جدہ .... سعودی الیکٹرک کمیٹی کے کمشنر ڈاکٹر عبداللہ الشھری نے بجلی کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلوں کی مد میں صارفین کی شکایات کے ازالے کےلئے جامع منصوبہ بندی مرتب کریں ۔ صارفین کی شکایات کو فوری حل کیا جائے اس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ عکاظ اخبار نے ڈاکٹر الشھری کی ہدایات کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ بجلی کے بلوں سے متعلق صارفین کو شکایات ہیں کہ انہیں کافی تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس دورا ن دوسرا بل بھی آجاتا ہے جس پر کمشنر سعودی الیکٹریک کمیٹی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کمپنی ایسا طریقہ کار استعمال کرے کہ صارفین کی شکایات کا ازالہ یا تحقیقی رپورٹ زیادہ سے زیادہ 10 روز کے اندر جاری کر دی جائے تاکہ انہیں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ کمشنربجلی کمیٹی نے مزید کہا ہے کہ سعودی الیکٹرک کمپنی کو بلوں سے متعلق شکایات پر ایک سے 10 روز کے اندر عمل کرنا ہو گا جبکہ بجلی کی فراہمی میں تاخیر اور انقطاع ، کیبلز کے نیٹ ورک کے مسائل کے علاوہ اسی قسم کے دیگر مسائل کا حل ایک سے 30 دن کے اندر کیا جائے ۔ الشھری نے مزید کہا کہ اگر صارف کو بجلی کمپنی کی جانب سے تیار کی جانے والی رپورٹ پر اعتراض ہو گا تو وہ ٹھوس ثبوت کے ساتھ کمیٹی سے رجوع کرنے کا حق رکھتا ہے اس دوران بجلی کمپنی صارف کی خدمات منقطع نہیں کرسکتی جب تک تنازع کا حل نہ تلاش کر لیا جائے ۔ کمشنر سعودی الیکٹریکل کمیٹی نے مزید کہا کہ بلوں یا دیگر امور سے متعلق شکایات درج کرانے کےلئے صارف کو 7 معلومات مہیا کرنا ہونگی جن میں نام ، بجلی کا اکاﺅنٹ نمبر ، شناختی کارڈ نمبر ، شہر ، محلے ، گلی یا شاہراہ ، عمارت کا نمبر اور ای میل ایڈریس کے ساتھ مختصر شکایت کے بارے میں درج کیا جائے ۔ شکایات کا اندراج ٹیلی فون یا ای میل کے علاوہ ٹویٹر اکاﺅنٹ بھی استعمال کیاجاسکتا ہے ۔